وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو دوبارہ ذمہ داری سونپتے ہی بڑا ٹاسک دیدیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو دوبارہ ذمہ داری سونپنے کے بعد بڑا ٹاسک دے دیا گیا۔وفاق نے صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے اہم اقدامات شروع کر دئیے،وفاقی حکومت نے اعظم نذیر تارڑ کو وزیر قانون کا عہدے سنبھالتے ہی اہم ٹاسک دیا ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختو نخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے پیش نظر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

 

 

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختو نخوا اسمبلیوں میں وزرائے اعلٰی کیخلاف تحریک عدم اعتماد سمیت ممکنہ آپشنز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔گورنر راج کے ممکنہ آپشنز کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کا ووٹ لینے کے آپشنز پر بھی غور ہو گا۔اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہو تو کیا اسمبلی تحلیل ہو سکتی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل یا اسمبلی سے نکلنے کے اعلان کے بعد ن لیگ سمیت حکمران اتحاد کی جماعتیں متحرک ہو گئیں،اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر اپنے ارکان اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی۔مسلم لیگ نے اپنے ارکان اسمبلی کو پارٹی سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان پنجاب اسمبلی تاحکم ثانی صوبائی دارالحکومت ہی میں قیام کریں۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی عہدے داروں کو اتحادی جماعتوں کے ارکان سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔پارٹی قیادت نے متحدہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی لاہور پہنچنے کی درخواست کر دی ہے۔

close