راولپنڈی (پی این آئی) راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس ایک دن کیلئے بند رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی وجہ سے جڑواں شہر کے مکین ہفتے کے روز میٹرو بس سروس استعمال کرنے سے قاصر رہیں گے۔ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کو 26 نومبر کو بند رکھا جائے گا۔
جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی میں اپنے مارچ کے آخری پڑاو کیلئے زور و شور سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جبکہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراونڈ میں لینڈنگ کی اجازت نہ دینے پر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جب جی ایچ کیو نے عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراونڈ اترنے کی اجازت دے دی تو ڈپٹی کمشنر کون ہوتے ہیں؟ پی ٹی آئی چئیرمین کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے ڈی سی اسلام آباد ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی اجازت نہیں دے رہے، انہیں کو ذمے داری قبول کرنی ہوگی، بتائیں کہ ان کو کون ہدایات دے رہا ہے؟ عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ میں ہی اترے گا۔اسد عمر نے کہا کہ کل جتنے لوگ پنڈی کی طرف آرہے ہیں، اس سے پہلے کبھی نہیں آئے ہوں گے، قوم سمجھتی ہے کہ یہ ایک اہم موڑ ہے جہاں پر ہم موجود ہیں، علامہ اقبال پارک میں ٹینٹ سٹی قائم کررہے ہیں، کل شام کے لائحہ عمل کا عمران خان اعلان کریں گے، عمران خان جو بھی اعلان کریں گے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کچھ ہوا تو وفاقی حکومت ذمے دار ہوگی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد براہ راست ذمے دار ہوں گے۔عمران خان کو مشورہ دیا تھا ابھی آرام کریں، لیکن کپتان نے کہا قوم کے درمیان رہنا چاہتا ہوں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت کیلئے انتظامیہ کو ایک اور درخواست دے دی،تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلی کاپٹر کا جلسہ گاہ کے قریب ہونا ضروری ہے۔ جی ایچ کیو نے ہیلی کاپٹر لینڈنگ سے متعلق این او سی دے دیا ہے، 26 نومبر کو صبح 11 سے شام 5 بجے تک ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت دی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں