پرویز الٰہی عمران خان کا ساتھ چھوڑنے جارہے ہیں؟ مونس الٰہی کا ردِعمل آگیا

لاہور (پی این آئی) چوہدری مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف اپنی فکر کریں کہیں یہ نہ ہو کہ سیالکوٹ سے بھی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے چوہدری مونس الہٰی کی جانب سے وزیر دفاع کے وزیر اعلٰی پنجاب سے متعلق بیان پر ردعمل دیا گیا ہے۔

 

 

وزیر دفاع کی جانب سے کہا گیا کہ پرویز الہٰی جہاں بہاو دیکھیں گے اس طرف چل پڑیں گے۔ اس پر مونس الہٰی کی جانب سے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ وزیر اعلٰی پنجاب ڈٹ کر “وزیر اعظم عمران خان” کیساتھ کھڑے ہیں، ان کا نام پرویز الہٰی ہے خواجہ آصف نہیں، اپنی فکر کریں یہ نہ ہو آپ سیالکوٹ سے بھی جاؤ۔واضح رہے کہ حکمران اتحاد اب پنجاب میں تبدیلی کیلئے سرگرم ہوگیا ہے، تبدیلی کا مشن آصف زرداری کو سونپ دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری نے بھی اب لاہور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پنجاب میں تبدیلی کیلئے سابق صدر آصف زرداری کے لاہور میں قیام کی خبروں پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری سندھ میں باہر نہیں نکل سکتے، پنجاب میں ان کی کیا حیثیت ہے، اس بار سندھ کے دیہی علاقوں میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گا اور سندھ کے عوام کو سیاسی حقوق ملیں گے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کا خاتمہ ہو گا اور مافیا اپنے انجام کو پہنچے گا۔

 

 

قبل ازیں بتایا گیا کہ آصف زرداری نے لاہور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ پنجاب میں تبدیلی کیلئے کام کر سکیں۔ آصف زرداری آئندہ چند روز میں مشن لاہور کیلئے روانہ ہوں گے اور کچھ روز لاہور میں ہی قیام کریں گے۔

close