خان صاحب آپکی جان کو خطرہ ہے، لانگ مارچ ختم کردیں، پیغام دیدیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے لیکن عمران خان بضد ہیں اور کل راولپنڈی میں اجتماع کرنا چاہتے ہیں۔انٹیلی جنس ایجنسز نے اجتماع کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے،میرا مشورہ ہے کہ عمران خان یہ بے مقصد اجتماع ملتوی کردیں۔

 

 

 

رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب،راولپنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی،اسٹیبلشمنٹ آپ کو الیکشن کی تاریخ لیکر نہیں دے سکتی۔الیکشن کی تاریخ لینی ہے تو سیاستدان بنیں،عمران خان اپنی ضد چھوڑیں اور سیاستدانوں میں واپس آئیں اور مذاکرات کریں۔پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمٰن سے ملیں،نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کرنا چاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں بھی عمران خان کی مدد کیلئے تیار ہوں،میں آپکو سیاسی مخالف سمجھتا ہوں لیکن دشمن نہیں،عمران خان پارلیمنٹ میں واپس آئیں اور سیاست کا حصہ بنیں۔سیاستدانوں میں بیٹھتے ہیں،فیصلوں میں تبدیلی ہوتی ہے۔ساتھ بیٹھیں تاکہ ملک آگے بڑھے،مہنگائی اور معاشی تباہی بھی آپ کے ذمہ ہے۔کسی نے تاریخ لینی ہوتی تو لے چکے ہوتے۔اجتماع سے کوئی بھی دہشت گرد فائدہ اٹھا سکتا ہے،ہم نے حکومت کی طرف ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کسی بھی شخص کو جلسہ گاہ میں بغیر تلاشی داخل نہ ہونے دیا جائے اور جلسے کے اسٹیج کو بلٹ پروف رکھا جائے۔اسٹیج کی انٹری کو محدود کرکے اس پر نظر رکھی جائے۔

 

 

 

جلسے کے اطراف سخت حفاظتی انتطامات ہونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتنہ فساد مارچ ہے،یہ ترقی نہیں بلکہ پاکستان کی تباہی کا مارچ ہے،یہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے کا مارچ ہے۔اس مارچ کو نفرتیں بڑھانے کیلئے استعمال کیا جائے گا اور یہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کا مارچ ہے۔ملکی ترقی کا راز آئین و قانون کی حکمرانی ہے،پاک فوج کی طرف سے اپنے آئینی کردار ادا کرنے کا عزم قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ایک سیاسی رہنما نے طعنے سے لیکر غیر شائستہ زبان تک استعمال کی،مسلح جد وجہد کیلئے حلف لئے گئے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اہم تعیناتی کے آئینی عمل کو تماشا بنانے کیلئے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں