اہم تعیناتی کی سمری نہ آنا بہت بڑی ناکامی ، یہ آئین کے خلاف ورزی ہےشاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (پی این آئی ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اہم تعیناتی کی سمری کا نہ آنا بہت بڑی ناکامی ہے۔یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے سوال کیا کہ اہم تعیناتی کی اب تک سمری کیوں نہیں آئی؟ یہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمری کے نہ آنے کا ازخود نوٹس لے سکتےہیں

اگر وزیراعظم خود ایکشن لیں گے تو یہ تقرری کے عمل میں ابہام پیدا کردے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ اہل آدمی کا نام شامل نہیں کریں گے تو وہ غیرقانونی عمل ہے اور اگر آپ اہل آدمی کی جگہ دوسرے کو رکھیں گے تو وہ بھی غیرقانونی ہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں سینئر ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اہم تعیناتی کی سمری میں اہلیت نظرانداز کی گئی تو معاملہ عدالت میں چیلنج بھی ہوسکتا ہے۔شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ وزارت دفاع پر

بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں چیلنج نہ ہو، وزیراعظم کو اختیار ہے کہ سمری ملنے کے بعد مزید نام بھی مانگ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق ہونی چاہیے اہم تعیناتی جس کا اختیار ہے وہی کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close