بلوچستان سے بڑی خوشخبری آ گئی، رابطے بحال ہو گئے

کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان سے بڑی خوشخبری آ گئی ہے کہ گزشتہ کئی ماہ کی بارشوں اور سیلاب کے باعث تین ماہ سے تعطل کا شکار کوئٹہ سے ٹرین سروس آج سے بحال کر دی جائے گی۔ ریلوے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مچھ سے پشاور روانگی کیلئے جعفر ایکسپریس کی نئی بوگیاں مچھ پہنچا دی گئی ہیں، مسافروں کو بسوں کے ذریعے کوئٹہ سے مچھ تک پہنچایا جائے گا۔

ٹرین سروس کی بحالی کے بارے میں ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث ریلوے ٹریک تباہ ہونے کی وجہ سے اندورن ملک کیلئے ٹرین سروس معطل ہو گئی تھی، تین ماہ کے تعطل کے بعد ٹرین سروس آج مچھ سے بحال کی جارہی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ درہ بولان میں ہرک کے مقام پر گرنے والے ریلوے پل کی مرمت ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ کے بجائے جعفر ایکسپریس کی سروس مچھ سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ریلوے حکام کا مزید کہنا ہے کہ آج جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو صبح ساڑھے آٹھ بجے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے بسوں کے ذریعے مچھ لے جایا جائے گا، بسوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہوگی جبکہ مچھ سے ٹرین دن 11 بجے روانہ ہوگی۔ محکمہ ریلوے کے حکام کے مطابق دس بوگیوں پر مشتمل جعفرایکسپریس ٹرین سکھر، لاہور، راولپنڈی سے ہوتے ہوئے پشاور پہنچے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close