مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے کے بعدسینیٹ کی خالی ہونیوالی نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری

اسلام آباد (پی این آئی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلزپارٹی کے رہنماء مصطفیٰ نواز کھوکھر کی خالی کردہ سینیٹ نشست پر انتخاب کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ نواز کھوکھر کے سینیٹ سے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ایک بار پھر الیکشن ہوں گے اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سندھ سے سینیٹ کی خالی اس نشست پر کاغذات نامزدگی 18 سے 22 نومبر کو وصول کیے جائیں گے اور پولنگ 8 دسمبر کو ہوگی جب کہ پولنگ کا عمل سندھ اسمبلی میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھو کھر سے خالی کروائی گئی سینیٹ نشست پر وقار مہدی کو ٹکٹ ملنے کا امکان ہے، وقار مہدی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری ہیں، پی پی قیادت پارلیمان کے ایوان بالا کی خالی نشست پر نامزد امیدوار کے نام کی منظوری دے گی۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے مصطفٰی نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے، انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے سینیر لیڈر سے ملاقات ہوئی، مجھے بتایا گیا پارٹی قیادت میرے سیاسی موقف سے خوش نہیں ہے، مجھے بتایا گیا کہ پارٹی میرا استعفیٰ چاہتی ہے تو میں نے بخوشی استعفیٰ دینے پر رضامندی ظاہر کی اور فاروق ایچ نائیک کی ہدایت پر مستعفی ہورہا ہوں اور میں اپنا استعفٰی باضابطور پر پیش کر رہا ہوں، میں پارٹی کی جانب سے مثبت ردعمل اور حمایت پر شکر گزار ہوں، سوچا نہیں تھا کہ پارٹی ایسے سپورٹ کرے گی، لوگ میرے سیاسی مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں، واضح طور پر بتا دوں کہ میں کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہا۔

بتاتے چلیں کہ مصطفٰی نواز کھوکھر2018 میں پیپلز پارٹی کی نشست پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے منظوری کا نوٹیفیکشین جاری کر دیا گیا ہے، سینیٹ سیکرٹریٹ نے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close