لاہور ( آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے حلقہ این اے 157 ملتان کے ضمنی انتخاب میں بیٹی کی شکست کے بعد اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ضمنی انتخاب میں ناکامی کے بعد اپنی ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان کے عظیم شہریوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے 13 جماعتی گٹھ جوڑ کے خلاف تحریک انصاف کا ساتھ دیا،مہربانو قریشی نے دلیری سے مقابلہ کیا ،انشا اللہ ہم آنے والے عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ محنت کرکے جیت تحریکِ انصاف کے نام کریں گے۔
اپنی ایک اور ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں عمران خان کو ضمنی انتخابات میں واضح کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے سب کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔ یہ جیت تحریکِ انصاف کی نہیں بلکہ 22کروڑ پاکستانیوں کی ہے۔خیال رہے کہ اتوار کے روز قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں سے ایک سیٹ ملتان کی این اے 157 بھی تھی جو کہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے کے استعفے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی، این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کے مد مقابل علی موسیٰ گیلانی تھے، علی موسیٰ گیلانی نے مہر بانو قریشی کو 25 ہزار 186 ووٹوں سے ہرایا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں