نئے مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے عہدہ ملتے ہی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے متعلق تہلکہ خیز ہدایات جاری کردیں

لاہور (پی این آئی) مشیر داخلہ پنجاب نے پنجاب پولیس کو رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے اینٹی کرپشن کی معاونت کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نئے مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ عہدہ سنبھالتے ہی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے متحرک ہو گئے۔

 

 

مشیر داخلہ پنجاب نے صوبائی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کر چکا ہے۔ وارنٹ گرفتاری 19 اکتوبر تک موثر ہے، آئی جی پنجاب کو ہدایت کردی ہے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری میں پنجاب پولیس اینٹی کرپشن کی معاونت کرے اور قانون کے مطابق رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی کے سینیئر سول جج کرمنل ڈویژن ماڈل ٹرائل کورٹ غلام اکبر نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن نے 2 مرتبہ وفاقی دارالحکومت پہنچ کر رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری یقینی بنانے میں ناکام رہا۔جبکہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی ورانٹ گرفتاری عدالت میں چیلنج کر دیے ۔

 

 

لیگی رہنما کے وکلاء نے دائر درخواست میں کہا کہ رانا ثنا اللہ وفاقی وزیر داخلہ ہیں اور سب کے سامنے ہوتے ہیں، محکمہ اینٹی کرپشن نے غلط بیانی کرکے عدالت سے وارنٹ حاصل کیے۔ جبکہ عدالت کی جانب سے جمعرات کے روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ وارنٹ کیس کی سماعت 19 اکتوبرتک ملتوی کر دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں