چوہدری پرویز الٰہی اور نوازشریف کی لندن میں ملاقات کی خبروں پر فیاض الحسن چوہان کا بیان آگیا

لاہور ( پی این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے چوہدری پرویزالہٰی کی لندن میں نوازشریف سے ملاقات کی تردید کردی۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی کی نواز شریف سے لندن میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، پرویزالہٰی لندن نجی مصروفیات کی وجہ سے گئے تھے، وزیراعلیٰ پنجاب عمران خان کےساتھ ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نواز شریف سے ملاقات کا خواہشمند نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دیگر رہنماوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں، عمران خان کو سیاست سے مائنس نہیں کیاجاسکتا، عمران خان کو سیاسی طور پر دفن کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔قبل ازیں لندن میں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے میری ملاقات نہیں ہوگی، لانگ مارچ کا وقت آئے گا تو جو عمران خان کہیں گے وہ کریں گے، وزیرداخلہ پنجاب کے لانگ مارچ سے متعلق بیان کو نہ دیکھیں، لانگ مارچ کے دوران رانا ثنا ء اللہ کو کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ملے گی۔وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پانچ برس بعد لندن میں اپنے بیٹے مونس کی فیملی سے ملنے آیا ہوں، نوازشریف سے ملنے کا شوق نہیں سیلاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کو ایک پیسہ نہیں دیا، منشیات کی روک تھام کی الگ فورس بنا رہے ہیں، جو اسکول ، کالجز میں بھی روک تھام کرے گی۔

 

ادھر تحریک انصاف کے 2 اہم ترین سابق ر ہنماؤں نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی، علیم خان اور عون چوہدری کی سابق وزیراعظم سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، لندن میں ہونے والی اس ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی شریک تھیں، سیاسی رہنماؤں کی اس ملاقات میں پنجاب حکومت کے حوالے سے بات چیت کی، عون چوہدری اس اہم ملاقات میں شرکت کیلئے لندن آئے تھے، علیم خان نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے سیاست پر گفتگو نہیں کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close