سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز کو پنجاب میں ایک اور بڑی ذمہ داری دینے کا فیصلہ

لاہور ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کو مشیر داخلہ پنجاب بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کی بطور مشیر داخلہ پنجاب تعیناتی کی منظوری دیے جانے کے بعد سابق گورنر پنجاب کو صوبے میں یہ اہم عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی وزارت داخلہ کے امور سنبھالنے کے لیے کی جانے والی تعیناتی سے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان سے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی، جس میں میاں اسلم اقبال نے پنجاب کی صورتحال پر چیئرمین پی ٹی آئی کو بریفنگ دی اور اس ملاقات میں پنجاب کے نئے وزیرداخلہ کے نام پر بھی مشاورت کی گئ، اس ملاقات کے بعد جب عمران خان سے صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب پنجاب کا نیا وزیر داخلہ کسے بنا رہے ہیں؟ اس کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج ہی سب کو پتہ چل جائے گا۔خیال رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب کا عہدہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اس وقت کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد سے خالی ہے، ہاشم ڈوگر کی جانب سے ایک پیغام کے ذریعے کارکنوں کو اپنے مستعفی ہونے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفٰی دیا ہے، انشاء اللہ آگے بھی پاکستان تحریک انصاف کے ادنیٰ کارکن کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔دوسری طرف سینئر صحافی حامد میر نے ہاشم ڈوگر سے استعفیٰ لیے جانے کا انکشاف کیا

 

انہوں نے کہا ہماری اطلا ع کے مطابق وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر سے عمران خان نے خود استعفیٰ لیا ہے کیوں کہ عمران خان وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر سے خوش نہیں تھے۔ سینئر صحافی نے انکشاف کیا کہ ہاشم ڈوگر پر چارج شیٹ میں ایک الزام یہ بھی تھا کہ ان کا تعلق اسٹیبلشمنٹ کے سینئر افسر سے ہے اور یہ ان سے اب بھی ملتے ہیں، اس کے علاوہ یہ بھی الزام ہے کہ ہاشم ڈوگر نے پنجاب سے اسلام آباد لائے جانے والے کنٹینرز روکنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close