آئندہ چند دن بہت اہم ہو گئے، عمران خان نے کارکنوں کو ہروقت تیار رہنے کی ہدایت کر دی

پشاور(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کارکنان کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں کسی بھی وقت حقیقی آزادی جمہوری مارچ کے لیے حتمی کال دے سکتے ہیں۔ گزشتہ روز پشاور میں پارٹی قائدین، عہدیداروں، تحصیل و ولج کونسل ممبران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آج پاکستانی قوم کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ہے، قوم کو اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہو گا۔

سب نے حقیقی آزادی تحریک میں جہاد سمجھ کر حصہ لینا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک پر چوروں کا تسلط ہے جو گزشتہ تیس سالوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں اور اب کی بار بھی نا اہلوں کا یہ ٹولہ حکومت میں صرف اپنے خلاف کرپشن کے کیسز ختم کرنے آیا ہے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ ان کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کے لیے کھڑے ہیں۔ اس کرپٹ ٹولے نیماضی میں این آر او لیکر اپنی چوریاں معاف کرائیں اورصرف دس سالوں میں قرضے میں چار گنا اضافہ کیا۔جب ہم حکومت میں آئے تو آدھا پیسہ ان کے لیے گئیقرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں چلا گیا۔یہ چند خاندان ہیں جو قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹ رہے ہیں، ان کی اپنی اولادیں تو پہلے سے باہر تھیں اور خود بھی لوٹ مار کر کے باہر بھاگ گئے اور وہاں بیٹھ کر سازشیں کیں اور ہماری حکومت گرا دی۔ عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مہنگائی کا بہانہ بنا کر اقتدار میں آئے، مگر اب خود مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا۔ تمام ضروری اشیاء کی چیزیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ ان کو عام آدمی کے مسائل کی کوئی فکر نہیں،یہ اپنی چوری چھپانے آئے ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکمران لوٹ مار کا پیسہ بچانے کے لیے تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں، انہوں نے نیب پر اپنا آدمی بٹھا دیا تاکہ مرضی کے فیصلے کروا سکیں۔ اب کرپشن اور چوری کے تمام کیسز معاف ہو رہے ہیں جو قوم کے ساتھ مزاق ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ان کیخلاف جھوٹے کیسز بنائے جا رہے ہیں تاکہ ان کا راستہ صاف ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہونے کا وقت ہے۔تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز نے مطلوبہ کردار ادا کرنا ہے اور مارچ کو کامیاب بنانا ہے۔ عمران خان نے اس موقع پر پشاور ڈویژن،ھزارہ ڈویژن، مالاکنڈ ڈویژن اور ساؤتھ ڈویژن کے پارٹی قائدین سے باضابطہ حلف بھی لیا جس میں انہوں نے آزادی مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انصاف لائرز فورم اور انصاف ڈاکٹرز فورم کے نمائندہ وفود نے عمران خان سے ملاقات کی اور آزادی مارچ میں شرکت کی یقین دھانی کرائی۔ اس موقع پر متعدد دیگر وکلاء نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور انصاف لائرز فورم کے پلیٹ فارم سے اپنی خدمات پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عمران خان نے وکلاء کو پارٹی کی کیپ اور مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں