ٹک ٹاکرز کیلئے اچھی خبر، ٹک ٹاک نے پاکستان میں دفتر کھولنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک اگلے ماہ پاکستان میں دفتر کھولے گا جبکہ ملک میں آئندہ انتخابات سے قبل 5 جی لانچ کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ’ملک کے آئی سیکٹر میں آمدنی کے وافر مواقع موجود ہیں، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

 

 

وفاقی کابینہ سمیت صوبائی کابینہ کے اجلاس بھی اب ڈیجیٹل ہو رہے ہیں، امید ہے رواں مالی سال کے اختتام پر آئی ٹی کا شعبہ نمایاں نظر آئے گا۔‘انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مقامی سطح آئی ٹی کے شعبے میں کام کیا جا رہا ہے۔ آئی ٹی ایکسپورٹ اس وقت دو ارب سے زائد ہے، آئندہ سال آئی ٹی کی صنعت سے پانچ ارب آمدنی کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔’پاکستان میں ٹک ٹاک کے صارفین کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ اگلے ماہ ٹک ٹاک پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے جا رہا ہے۔ اس سے ٹک ٹاکرز کو بہت فائدہ ہوگا۔‘امین الحق کا کہنا تھا کہ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں انٹرنیٹ کے نظام کو بہتر کر رہے ہیں۔ ’اس ضمن میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اکتیس ارب کی لاگت سے ایک آئی ٹی پارک بھی بنانے جا رہے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس سے براہ راست بھی روزگار کے مواقع ملیں گے اور آئی ٹی کے شعبے سے منسلک افراد کو بھی فائدہ ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گیمنگ اور انیمیشن کے شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ’جامعہ کراچی کے ساتھ ایک ایم او یو سائن کیا ہے۔ جلد ہی پاکستان میں اس شعبے میں نمایاں کام ہوتا نظر آئے گا۔

 

 

‘ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اجلاس اب ڈیجیٹل ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں اراکین اب پیپر قلم نہیں بلکہ ٹیبلٹ کا استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے بعد صوبہ سندھ کی حکومت نے بھی وفاقی وزارت سے اس شعبے میں مدد لی ہے اور اب سندھ کابینہ کا اجلاس بھی ڈیجیٹل ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں