سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بڑا چیلنج کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف تحریک کی کال تب دیں گے جب پارٹی کی تمام تنظیمیں تیار ہوں گی۔جمعرات کو اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سنیچر کو وہ اسلام آباد کی تنظیم سازی چیک کریں گے کہ کتنے لوگوں کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوتے ہیں، اور تب حقیقی آزادی کی کال دینے کا فیصلہ کریں گے۔

 

 

عمران خان نے کہا کہ اس مرتبہ وہ پوری تیاری کے ساتھ آئیں گے اور اس کا فیصلہ وہ تب کریں گے جب وہ سمجھیں گے کہ پارٹی کی تمام تنظیمیں پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’رانا ثنا اللہ میرا وعدہ ہے اسلام آباد میں تم چھپ نہیں سکو گے۔‘عمران خان نے 25 مئی کو ہونے والی لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پارٹی کی تیاری نہیں تھی لیکن اس وقت مکمل تیاری کے ساتھ آئیں گے۔’پچیس مئی کو ہماری تیاری نہیں تھی ایک پر امن احتجاج میں ہم جا رہے تھے اور تم نے ہم پر ظلم کیا۔ ہماری خواتین، بچوں اور فیملیز پر شیلنگ کی۔‘انہوں نے کہا کہ ’لیکن اب آپ کو فکر کرنی چاہیے کہ ہم پوری تیاری سے آئیں گے۔‘خیال رہے کہ گزشتہ روز بدھ کو عمران خان نے لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب میں کہا تھا کہ ’میں ہفتے کو حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرنے جا رہا ہوں۔

 

 

آپ لوگ تیار رہیں اور کال کا انتظار کریں۔‘عمران خان کا حکومت مخالف تحریک کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے اس تنبیہ کے چند گھنٹوں کے بعد سامنے آیا جس میں رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ اگر کسی صوبے نے وفاق پر چڑھائی کی غرض سے لانگ مارچ کی حمایت کی تو اس کے نتائج ہوں گے۔انہوں نے کہا تھا ’جو صوبے اس قسم کے لانگ مارچ کی حمایت کریں گے جس کا مقصد پاکستان کے دارالحکومت پر چڑھائی ہو۔ وہ صوبے پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں