پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گرا دی

لاہور(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرا دی، پی ٹی آئی کے ایم این اے مخدوم مبین عالم پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پراس بات کی تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف کے ایم این اے مخدوم مبین عالم نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے، جبکہ انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

 

قاسم گیلانی نے ٹویٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیاقت پور سے تحریک انصاف کے ایم این اے مخدوم مبین عالم نے سابق گورنر مخدوم احمد محمود کے ہمراہ پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی۔اس موقع پر ایم این اے مخدوم مبین عالم نے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، جس پرپیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔اسی طرح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی مخدوم مبین عالم کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کی خبر کو ری ٹویٹ کردیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم میاں شہبازشریف کے دورہ لندن کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ ن کے بڑوں نے لندن میں اہم بیٹھک کی تیاری شروع کردی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا شریک ہوں گے۔ ذرائع کہا کہنا ہے کہ لندن بیٹھک میں پنجاب میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر باضابطہ مشاورت کی جائے گی، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 

بتایا گیا ہے کہ لندن بیٹھک میں نومبر کے اہم فیصلے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف آج رات لندن پہنچیں گے۔ جہاں پر وزیراعظم شہباز شریف آنجہانی ملکہ الزیبتھ کی تدفین کی رسومات میں شامل ہوں گے۔ اسی طرح وزیراعظم شہبازشریف قائد ن لیگ نوازشریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستترہویں اجلاس میں شرکت کے لیے براستہ لندن، امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے ایک بار لاہور میں قیام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق آصف زرداری آئندہ ہفتے لاہور پہنچیں گے اور لاہور میں پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ آصف زرداری پیپلزپارٹی کے تنظیمی عہدیدروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔آصف زرداری کے لاہور میں طویل قیام کو پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت کے لیے تبدیلی کا اشارہ قرار دیا جارہا ہے۔ مزید برآں گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا مشہود نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت کا خاتمہ بہت قریب ہے، پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی اور پرویزالٰہی کے ڈاکو راج کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے، حکومت کے اقدامات عوام دوست ہونے چاہئیں لیکن ان کی توجہ انتقام پر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں