این جی اوز کو ملنے والی انٹرنیشنل فنڈنگ کی تفصیلات طلب کر لی گئیں

اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے حکومت سے ملک میں کام کرنے والی این جی اوز کو ملنے والی انٹرنیشنل فنڈنگ کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ وزارت اقتصادی امور حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت پاکستان میں کل16ہزار کے قریب این جی اوز ہیں۔جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی صدارت میں ہوا،

اجلاس میں وزارت اقتصادی امور حکام کی جانب سے پاکستان کے بیرونی قرضوں سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ ملک میں کام کرنے والی این جی اوز سے متعلق معاملہ بھی زیر بحث آیا، چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان نے کہا کہ وہ این جی او ز جن کو انٹرنیشنل فنڈنگ ملی اس کی تفصیلات کمیٹی کو فراہم کریں کہ ہمیں یہ پتہ لگ جائے کہ کون سی این جی اوزکو کتنی انٹرنیشنل فنڈنگ مہیا ہوئی ہے۔ ایک رکن کمیٹی نے ملک میں کام کرنے والی این جی اوز کی تعداد کے بارے میں استفسار کیا جس کے جواب میں وزارت اقتصادی امور حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا اس وقت پاکستان میں کل16ہزار کے قریب این جی اوز ہیں ۔ رکن کمیٹی سینیٹر محمد اکرم نے استفسار کیا کہ چند ایسی این جی اوز ہیں جن کا تعلق جماعتوں سے ہے ان کو بھی فارن فنڈنگ ہوتی ہے؟ ۔رکن کمیٹی مولانا عطاء الرحمان نے استفسار کیا کہ این جی اوز کی نگرانی کون کرتا ہے اور ان کے خلاف کاروائی کون کرتا ہے،ان پر پابندی کون عائد کرتا ہے ؟جس پر وزارت اقتصادی امور حکام نے جواب دیا کہ جو ان کا ریگولیٹر ہے وہ کاروائی کرتا ہے۔۔۔۔۔

close