پنجاب میں سیاسی تبدیلی لانے کے لیے وفاقی حکومت کی کوششیں تیز،پرویز الہٰی کیخلاف طبل جنگ بجا دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پنجاب میں سیاسی تبدیلی لانے کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں سے متعلق رپورٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی سے موجودہ حالات میں سیاسی استحکام آئے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بالکل، ہمارے پاس پنجاب میں حکومت تبدیل کرنے کا آپشن موجود ہے اور ہم اس وقت اس پر عمل کریں گے جب ممکن سمجھیں گے۔

جب وزیر دفاع سے پوچھا گیا کہ کیا اس سیاسی تبدیلی سے ملک میں جاری غیر یقینی کی صورتحال ختم ہوگی تو انہوں نے کہا کہ ہم اس پر سیاسی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں اور اس تبدیلی سے غیر یقینی صورتحال میں سیاسی استحکام آئے گا۔ یاد رہے کہ 7 ستمبر کو چشتیاں میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ پنجاب حکومت گرانے کی سازش ہو رہی ہے تاکہ نواز شریف کو واپس لایا جائے اور الزام عائد کیا کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کی جانب سے

ان کے وزرا کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔رواں برس نومبر میں پاک فوج کے نئے آرمی چیف کے تقرر پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ وزیر اعظم شہباز شریف کا استحقاق ہے اور اس معاملے پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے اداروں سے مشاورت کی جائے گی اور نئے آرمی چیف کے لیے سفارش کردہ افسران کے نام بھی بھجوائے جائیں گے تاہم، اس معاملے پر ابھی تک کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں