کراچی(پی این آئی) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی طرف سے ایک نیا ’ای پے منٹ سسٹم‘ متعارف کرا دیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر بینکوں کی اے ٹی ایمز کا متبادل ہو سکتا ہے۔ نیو نادرا کا یہ ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم ہر طرح کی ڈیجیٹل پے منٹ اور کیش کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔نادرا کی طرف سے یہ سسٹم پاکستان کے سب سے بڑے اور لائسنس یافتہ پے منٹ گیٹ وے سسٹم ’ون لنک‘ کے ساتھ شراکت داری سے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ سسٹم نادرا کی پہلے سے موجود ’ای سہولت فرنچائز‘ کے ذریعے کام کرے گا۔ اس وقت ملک بھر میں نادرا کی 17ہزار سے زائد ای سہولت آؤٹ لیٹس ہیں جنہیں اے ٹی ایمز میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ تاہم یہ اے ٹی ایمز ہر طرح کے ڈیجیٹل پے منٹ فیچرز سے لیس ہوں گی۔ ان ای سہولت مراکز کے ذریعے لوگ نادرا کے اس نئے سسٹم میں نہ صرف کیش جمع کرا سکیں گے اور نکلوا سکیں گے بلکہ یہاں سے عوام کی طرف سے حکومت کو، حکومت کی طرف سے عوام کو اور عوام کی طرف سے عوام کو فنڈز کی منتقلی ہو سکے گی۔رپورٹ کے مطابق نادرا اور ون لنک کے مابین یہ معاہدہ آج طے پایا ہے۔ معاہدے پر نادرا کے چیئرمین طارق ملک اور ون لنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نجیب اگروال نے دستخط کیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں