عمران خان اور نواز شریف کے بیک ڈور رابطوں پر ن لیگ نے خاموشی توڑ دی

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان رابطوں کی تردید کردی ۔سماء نیوز کے مطابق ن لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جھوٹ اور انتقامی سیاست کی بنیاد ڈالی۔عمران خان پاکستان، فوج اور عدلیہ پر حملہ آور ہوں گے۔آئین اورقانون کے باغی سے بات نہیں ہو سکتی۔
ن لیگ کی جانب سے نوازشریف اور عمران خان کے مابین رابطوں کی تردید کی۔ن لیگ کا کہنا ہے کہ عمران خان خود کو بچانے کے لیے نوازشریف سے رابطوں کا پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی رابطے کا امکان ہے۔عمران خان اداروں کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔انوکھا لاڈلا کھیلنے کو چاند مانگ رہا ہے لیکن اب چاند نہیں ملے گا۔عمران خان سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہونے کے بجائے ناکام جلسے کر رہے ہیں۔قبل ازیں نواز شریف اور عمران خان کے مابین پسِ پردہ روابط کی اطلاعات پر واد چوہدری کا اہم بیان سامنے آیا۔فواد چودھری نے نواز شریف اور عمران کے مابین پسِ پردہ روابط کے معاملے پر تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں لیکن حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے بغیر کسی خفیہ و اعلانیہ مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، خبریں تراشنے کی بجائے سنجیدگی سے انتخابات کی تاریخ پر غور کیا جائے اور اس کا اعلان کیا جائے۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا مؤقف نہایت غیر مبہم اور دوٹوک ہے، ملکی مستقبل کے معاملات یا فیصلوں کا حق کسی گروہ یا اشرافیہ کے پاس نہیں، اسکا فیصلہ عوام کریں گے۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ نواز شریف یا ان کے کسی نمائندے سے کوئی پسِ پردہ رابطہ یا ملاقات ہوئی نہ اس کی ضرورت ہے، ایسی تمام اطلاعات محض قیاس آرائی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close