وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب کے درمیان اختلافات، فیاض چوہان الحسن چوہان نے اندر کی بات بتا دی

راولپنڈی (آئی این پی)ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میڈیاپر چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب کے درمیان اختلافات کے حوالے سے نجی ٹی وی پر نشر ہونے والی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔ اس خبر میں رتی بھر بھی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی خواہش کو خبر بنانے کی مذموم کوشش کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ خبر کے مندرجات میں حقائق کو مسخ کیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پولیس و انتظامی افسران کے تبادلے معمول کا عمل ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت کر رکھی ہے کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میرٹ پر کی جائیں۔ اس خبر کے مندرجات کا حقیقت سے دور تک واسطہ نہیں۔ طلال چوہدری کی پریس کانفرنس کے رد عمل کے طور انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے اور صف اول میں کھڑی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کی طرح پانی میں پکوڑے نہیں تل رہی۔ ہمارا مشن صرف فوٹو سیشن اور شو بازیاں نہیں بلکہ حقیقی خدمت ہے۔تمام وزراء اعلیٰ خود سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کمر کسے ہوئے ہیں۔

عمران خان خود بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے معاملات کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہے جس نے محض تین گھنٹوں میں 500 کروڑ سیلاب متاثرین کے لئے اکٹھے کئے۔ ہمارا مشن امپورٹڈ حکومت کی طرح صرف باتیں کرنا نہیں بلکہ عملی اقدام کرنا ہے۔ ہماری قیادت کا مشن تنظیم سازی نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی خدمت ہے۔ نہ تو ہم انجیلینا جولی بن سکتے ہیں نہ لمبے بوٹ پہن کر فوٹو سیشن کرواتے ہیں۔ ہماری قیادت کا مقصد صحیح معنوں میں عوام کی خدمت ہے جو کہ لوگوں کو نظر بھی آتی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ امپورٹڈ حکومت وزارء اعلیٰ پر نظر رکھنے کی بجائے بڑھتی مہنگائی پر نظر رکھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بڑھتی مقبولیت نے امپورٹڈ حکومت کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ امپورٹڈ حکومت جو کہ خود کرپشن کی بے تاج بادشاہ ہے وہ عمران خان پر توشہ خانہ میں خرد برد کے الزامات لگاتی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں