اسلام آباد(پی این آئی)افواج پاکستان کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کے حوالے سے پراسیکیوٹر نے عدالت میں انکشاف کیا ہے کہ شہباز گل نے بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کی لینڈ لائن سے ٹی وی پر بیان دیا،وہ ٹرانسکرپٹ برآمد کرنا اور پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے۔ پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز گل نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ بیان موبائل سے پڑھ کر سنایا تھا۔
شہبازگل کا عام فون ریکور ہوا ہے، اسمارٹ فون کی ریکوری باقی ہے، مزید گرفتاریوں کیلئے تفتیش کرنی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ، جسٹس عامر فاروق نے پولیس کو شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کے خلاف رہنما تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سیشن جج کے خلاف دھمکی آمیز بیان دیا گیا، عدالت نوٹس لے جس پر شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا عمران خان کے بیان پر دہشت گردی کا مقدمہ درج ہو گیا ہے، قانون اپنا راستہ خود اپنائے گا۔اس موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ شہبازگل کا عام فون ریکور ہوا، سمارٹ فون کی ریکوری باقی ہے، پولیس کی ابھی 90 فیصد تفتیش باقی ہے، اگر مزید ریمانڈ کی وجہ بتائی تو اس سے پراسیکیوشن کا کیس خراب ہوگا، دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا اور شہبازگل کے بیان سے کنفرنٹ کرانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں