تحریک انصاف ختم کرنے کی تیاریاں، حکومت نے سب سے بڑا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر ہو چکی ہے، تحریک انصاف کے خلاف ڈکلیئریشن سپریم کورٹ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزارت قانون ڈکلیئریشن پیش کرے گی۔

 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف نے16 اکاونٹس ڈکلیئر نہیں کیے، صرف8 اکاونٹس شو کئے، یہ اکاؤنٹس عمران خان سمیت سینئر قیادت کے نام پر کھلے، حکومت پی ٹی آئی کیخلاف پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002اور پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2017 کے تحت کارروائی کرنے کی پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی بات ہوئی، فارن فنڈنگ کیس کا8 سال بعد تفصیلی فیصلہ آیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ پی پی او 2002 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق آیا، 8 سال کے دوران پی ٹی آئی نے کوئی جواب نہیں دیا، اسٹیٹ بینک نے تمام ریکارڈ فراہم کیا، وزیر قانون نے آئینی و قانونی پہلوؤں پر کابینہ کو مفصل بریفنگ دی، تحریک انصاف فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر ہو چکی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اکاؤنٹس عمران خان سمیت سینئر قیادت کے نام پر کھلے، سیکریٹریٹ ملازمین کے ناموں پر پیسے ان اکاؤنٹس میں آتے رہے۔

 

8 سالوں میں تحریک انصاف نے 51 بار التوا مانگا، ایف آئی اے کو فوری طور پر انکوائری شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر سمیت تمام ادارے فیصلے کی روشنی میں انکوائری کریں گے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی جماعت کو فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر کیا گیا ہے، تمام کارروائی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی۔

close