عمران خان کی چیف الیکشن کمشنر راجہ سلطان سکندر پر شدید تنقید، عوامی مینڈیٹ پر ہاتھ صاف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ٹویٹ کر دیا

لاہور(آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف لوٹی گئی دولت استعمال کرتے ہوئے آئین پامال کرنے میں مصروف ہیں،عوامی مینڈیٹ پر ہاتھ صاف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،باشعور عوام نے حکومت کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔جمعرات کو ٹویٹر پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ پنجاب میں عوامی مینڈیٹ پر ہاتھ صاف کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کی سربراہی پر فائز بددیانت اورمتعصب چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی معاونت سے سرکاری حکومتی مشینری کے ذریعے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی مگر ملک کے باشعور اور پرعزم عوام نے اپنی ثابت قدمی سے حکومت کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب جرم کی دنیا کے بادشاہ آصف زرداری اور شہباز شریف این آر او 2 لینے کے بعد ارکان پنجاب اسمبلی کو خریدنے کے لئے لوٹی گئی دولت استعمال کرتے ہوئے قانون کا مذاق اڑانے اورآئین پامال کرنے میں مصروف ہیں۔عمران خان نے کہا کہ عوام نے جس طرح 17 جولائی کو گھروں سے نکل کر پنجاب کے ضمنی انتخاب پر ڈاکے کا منصوبہ ناکام بنایا، وہ آج پھرملک بھرمیں احتجاج کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے نکلیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کو ایک مثال بننے دیجئے کہ اس میں بدمعاشوں، ان کے سرپرستوں اور الیکشن کمیشن کے لئے واضح پیغام ہے کہ عوام آپ کو پنجاب میں عوامی مینڈیٹ پر ہاتھ صاف کرنے کی قطعا اجازت نہیں دیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں