گملے میں اگائی گئی پی ٹی آئی سکڑ رہی ہے، جے یو آئی کے سینئر لیڈر نے بڑا دعویٰ کر دیا

کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی سابقہ حکمرانوں نے ملک کو اقتصادی طور پر تباہ کردیا اب معاشی حالات کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گامولانا فضل الرحمان کوجیل میں ڈالنے کی خواہش کر کے عمران خان نے شکست تسلیم کرلی۔ گملے میں اگائی گئی پی ٹی آئی سکڑ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کے باعث رواں مالی سال میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح اٹھارہ سے بیس فیصد رہنے کی توقع ہے، ملکی حالات سری لنکا اور گھانا سے بالکل مختلف ہیں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نہ ہی کبھی ایسا ہوگامولانا عبدالواسع نے کہا معاشی صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں، روپے کی قدر مستحکم رکھنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور نہ ہی کبھی دیوالیہ ہوگا۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے نام نہاد سازشی بیانیے کے جھوٹا ہونے پر مہر ثبت کردی۔ پی ٹی آئی کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے نعرہ چاہیئے تھا اسلئے امریکی سازش کا بیانیہ رچایا گیا۔ روز اول سے ہم کہہ رہے تھے کہ یہ جھوٹ ہے، کارکردگی کوئی نہیں تھی،عوام کو دھوکے میں رکھا جارہا تھا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، سابق وزیرقانون، اٹارنی جنرل کو آئین شکن قرار دے دیا۔ پارلیمان کی بالادستی اور آئین کی تقدس کیلئے اب پارلیمنٹ کو ہی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ کل کو اس قسم کے اقدامات کے ذریعے پارلیمنٹ کی توہین اور آئین کی خلاف ورزی نہ ہو۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں