عمران خان کی جدوجہد سے لوٹا کریسی مر گئی، اس کی تدفین 22 جولائی کو ہو گی، پی ٹی آئی سینئر لیڈر کا دعویٰ

اسلام آباد(آئی این پی)تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ عمران خان کی جدوجہد سے ہم نے لوٹا کریسی کو تقریباً دفن کر دیا ہے، اس کی تدفین 22جولائی کو ہو گی، رانا ثناء اللہ کو شرم آنی چاہیے کہ وہ وزیر داخلہ ہونے کا رعب دکھا کر دہشت گرد بنا ہوا ہے، دھمکیاں دے رہا ہے کہ 5لوگوں کو غائب کروں گا،لوٹا کریسی اور ضمیر فروشی کی بیماری سے عوام نے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

بدھ کوتحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے لوٹا کریسی کے خلاف جدوجہد کی ہے ہمارا مقابلہ ضمیر فروشی سے ہے جبکہ ہم نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم کسی بھی اس اقدام کو سپورٹ نہیں کر سکتے ہیں جو جمہوری اخلاقیات کے خلاف ہو، پیسے سے ضمیر خریدنا بیچنا کی سیاست میں یقین نہیں رکھتے، اس سیاست کے خلاف ہمارا جہاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد سے ہم لوٹا کریسی کو تقریباً دفن کر دیا ہے،لوٹا کریسی مر گئی ہے، اس کی تدفین 22جولائی کو ہو گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو شرم آنی چاہیے کہ وہ وزیر داخلہ ہونے کا رعب دکھا کر دہشت گرد بنا ہوا ہے، دھمکیاں دے رہا ہے،5لوگوں کو غائب کروں گا، عوام نے مینڈیٹ تحریک انصاف کو دے دیا ہے، عمران خان کے بیانیے کو قبول کیا ہے، عوام لوٹا کریسی کے خلاف نکلے ہیں، اب ہم نے عوام کو اسکے چنگل سے آزاد کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹا کریسی اور ضمیر فروشی کی بیماری سے عوام نے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، عمران خان اکیلا خود کچھ نہیں کر سکتا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ حمزہ شہباز میں برابر بھی عزت ہے تو انہیں بھی 18 جولائی کو ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، عوام نے ان کے خلاف ووٹ کر دیا ہے لیکن آصف زرداری اور نون لیگ نے ملک میں جمہوریت کے پیسوں کا کھیل بنا دیا ہے، خود کو این آر او دے دیا اور آگے بھی قانون سے بچنا چاہ رہے ہیں،ملک میں بے تحاشا مہنگائی کردی اور غریب کی زندگی اجیرن بنادی گئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں