اسلام آباد (پی این آئی )پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 245 پر ضمنی انتخاب کا دنگل ستائیس جولائی کوسجے گا۔نجی ٹی وی دنیا کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 245 سابق ایم این اے عامر لیاقت کے انتقال کے بعد ایک بار پھر سیاست کا محور ہے کیونکہ علاقہ مکین یہاں ستائیس جولائی کو اپنا نیا نمائندہ منتخب کریں گے۔ 2018 میں مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 56 ہزار سے زائد ووٹ لے کر پہلے،
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار 35 ہزار ووٹ لے کر دوسرے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے احمد رضا امجدی 20 ہزار ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔اس مرتبہ بھی پی ٹی آئی کی جانب سے محمود مولوی، ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور، ٹی ایل پی کے علامہ احمد رضا قادری اور پی ایس پی کے حفیظ الدین اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے ڈاکٹر فاروق ستار سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے حلقے میں
انتخابی سرگرمیوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے لیکن ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، سیوریج، کچرا، پانی کی قلت جیسے اہم مسائل میں گھرے یہاں کے مکین عوامی نمائندوں سے بہت زیادہ پرامید نہیں۔ضلع شرقی حلقہ این اے 245 کی کل آبادی 6 لاکھ 97 ہزار 365 ہے۔ یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 43 ہزار 540 ہے۔ سیاسی مبصرین کہتے ہیں ٹی ایل پی کی موجودگی میں ماضی کی کامیاب جماعتوں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے لیے یہ سیٹ نکالنا آسان نہیں ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں