ن لیگ یا تحریک انصاف؟ آئندہ الیکشن کس کیساتھ ملکر لڑیں گے؟ چوہدری برادران نے مشترکہ طور پر اعلان کردیا

لاہور (پی این آئی)مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ فوج ملک کی محافظ ہے اسے پتا ہے ملک کو کیسے سنبھالنا ہے، سیاست میں نظریاتی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سے سینئرصحافیوں نے ملاقات کی جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

 

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمیں چاہیے آج ہم اپنی انا کی قربانی بھی دیں کیونکہ اسی طرح معاملات میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ فوج ملک کی محافظ ہے اسے پتا ہے ملک کو کیسے سنبھالنا ہے، سیاست میں نظریاتی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے سب کو چاہیے کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے عوام کا سوچیں۔چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن میں گجرات شہر سے ایم پی اے کی ٹکٹ کا فیصلہ مونس الٰہی کریں گے وہ اس حلقے کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔اس موقع پرپرویز الٰہی نے کہا کہ چوہدری شجاعت ہمارے بڑے ہیں اور خاندان کے فیصلے وہی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کچھ سال میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا اور نئے چہرے سیاست کے میدان میں آئیں گے ، آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کرکے لڑیں گے۔

 

سینئر صحافیوں سے گفتگو میں مونس الٰہی نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز نے سمجھا رکھا ہے کہ شریف خاندان کے لوگ پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں ان پر اعتماد نہیں کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نئی سیاسی جماعت نہیں بنا رہے بلکہ مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں