کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کا احتساب کریں گے، عمران خان نے دہمکی دے دی

شیخوپورہ (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 مئی کو ہمارے کارکنوں پر جن پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا تھا ان کے نام نوٹ کرلیے ہیں اور ہر ایک کا احتساب کریں گے۔ جمعرات کو شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تھوڑے سے لوگوں کے ساتھ سیاست شروع کی تھی اور آج وہ جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور الیکشن کمیشن لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کر چکے ہیں کہ امپورٹڈ حکومت، امریکا کی سازش اور پاکستان کے بڑے لوٹے نامنظور ہیں اور یہ الیکشن نہیں جیت سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ امریکا سے دوستی ہو جہاں پاکستان کی سب سے امیر کمیونٹی ہے لیکن ہم امریکا کی غلامی نہیں چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں بھی چاہتا ہوں بھارت سے دوستی ہو، بھارت نے جتنی قدر میری کی ہے شاید ہی کسی اور پاکستانی کی کی ہو لیکن میں کشمیریوں کی قربانیوں کی قبر پر بھارت سے دوستی نہیں کرسکتا، پچھلے 35 سال میں ایک لاکھ کشمیری اپنی آزادی کیلیے قربانی دے چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت امریکا کا اتحادی ہوتے ہوئے روس سے 30 سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید کر اپنے عوام کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 25 روپے کم کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسمعیل کہتا ہے روس ہمارے پاس آکربتائے سستا تیل دے رہے ہیں جبکہ تیل کی ضرورت ہمیں ہے تو روس ہمارے پاس کیوں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے امریکا سے سب سے زیادہ گلہ یہ ہے کہ اگر آپ کے ملک میں کوئی ضمانت پر ہو تو آپ اس کو چپراسی بھی نہیں رکھتے اور یہاں اس کو ہمارے ملک کا وزیراعظم بنا دیا ہے،

پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی اور اس کے بیٹے کو مسلط کرکے 22 کروڑ پاکستانیوں کی توہین کی ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنے ملک کے انصاف کے اداروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جو مرضی ظلم اور ہراساں کریں، صحافیوں اور ہماری سوشل میڈیا کے کارکنوں کو ڈرا رہے ہیں اور کارکنوں پر ایف آئی آرز درج کروائی جا رہی ہیں اور میرے خلاف 15 ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو آپ نے جو تشدد کروایا اور جن پولیس والوں نے تشدد کیا تھا، ان کا نام ہم نے درج کیا ہے اور ہر ایک کا احتساب کریں گے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کان کھول کر سن لو،

آپ دونوں کو میں نے اس لیے تعینات کیا تھا کہ آپ دونوں ایمان دار ہیں لیکن یہ ایمان داری نہیں ہے کہ حمزہ شہباز کے کہنے پر غیر قانونی چیزیں کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مداخلت اور انتظامیہ کے ذریعے دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں تو کان کھول کر سنیں کہ ساری قوم دیکھ رہی ہے، 17 تاریخ کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، اس کے بعد بھی آپ کی زندگی ہے۔آئی جی اور چیف سیکریٹری پنجاب کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ اس الیکشن میں غیر قانونی چیز کریں گے اتنا آپ کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا اور جس نے قانون توڑا اس کو یہ قوم نہیں بخشے گی۔۔۔۔

close