اسلام آباد(پی این آئی)ملکی معیشت کی باگ ڈور کون بہتر سنبھالے گا؟ مفتاح اسماعیل یا اسحاق ڈار؟ مسلم لیگ ن کی قیادت اس معاملے پر دو دھڑوں میں بٹ گئی۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق لندن میں موجود سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی کے بے چینی سے منتظر ہیں جبکہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف مفتاح اسماعیل کے گرویدہ ہیں۔
اپنے تازہ بیان میں خواجہ سعد رفیق نے اسحاق ڈار کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے اور اسحاق ڈار کو دور اندیش، معیشت کا ماہر، دیانتدار اور قابل قرار دے دیا۔سعد رفیق نے یہاں تک کہا کہ ان کے بغیر ن لیگ کی ٹیم نامکمل ہے، ڈار صاحب کی رہنمائی پیچیدہ حکومتی امور کے حل کیلئے تریاق ثابت ہو گی۔اس سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ مفتاح اسماعیل وزیراعظم کی ٹیم کے محنتی ترین ارکان میں سے ایک ہیں۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے علم کا پاکستانی سیاست میں اور کسی سے کوئی موازنہ نہیں ، انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔خیال رہے کہ لندن میں موجود اسحاق ڈار کہہ چکے ہیں کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے جبکہ ان کے وزارت خزانہ سنبھالنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں