اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان میں مہنگائی 13سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی طرف سے جاری ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ جون میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 21.32فیصد ہو گئی، جو دسمبر 2008ءکے بعد بلند ترین شرح ہے۔ تحریک انصاف کے دورحکومت میں زیادہ سے زیادہ مہنگائی 14.6فیصد رہی تھی جبکہ رواں سال مئی کے مقابلے میں جون میں اس شرح میں 6.34فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جون میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 6.19جبکہ دیہی علاقوں میں 6.57فیصد بڑھی۔ مئی 2022ءمیں مہنگائی کی شرح 13.76فیصد تھی جبکہ جون 2021ءمیں یہ شرح 9.7فیصد تھی۔ مالی سال 2021-22ءکے لیے اوسط مہنگائی کا ہدف 8فیصد مقرر کیا گیا تھا جو حاصل نہ ہو سکا اور گزشتہ مالی سال میں اوسط مہنگائی ہدف سے کہیں زیادہ یعنی 12.15فیصد رہی۔کئی شعبوں میں مہنگائی کی شرح میں میں دیگر شعبوں کی نسبت کئی گنا زیادہ اضافہ ہوا۔
مثال کے طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 62.17فیصد اور اشیائے خورونوش میں 36.34فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح جلد خراب ہونے والی غذائی اشیاءمیں 24.43فیصد، ریسٹورنٹس اور ہوٹل انڈسٹری میں 21.85فیصد، فرنشنگ اور گھریلو سامان کی دیکھ بھال کے شعبے میں 18.76فیصد، الکوحل والے مشروبات اور تمباکو میں 17.6فیصد، متفرق اشیاءاور خدمات میں 15.83فیصد، تفریح اور ثقافت کے شعبے میں 14.35فیصد، کپڑوں اور جوتوں کی صنعت میں 13.72فیصد، ہاؤسنگ اور یوٹیلیٹیز میں 13.48فیصد اور صحت کے شعبے میں مہنگائی کی شرح 11.3فیصدرہی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں