اتوار کو تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا

لاہور(پی این آئی) لاہور میں آئندہ سے اتوار کے روز تمام مارکیٹیں، پلازے، دکانیں، شاپنگ مالز اتوار کو بند رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی بچت پالیسی کے تحت کاروباری سرگرمیوں کی بندش کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں اتوار کے روز تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔

 

اتوار کے روز ناصرف تمام مارکیٹیں، پلازے، دکانیں، شاپنگ مالز بند رہیں گے، جبکہ ہفتہ وار تعطیل والے دن دفاتر، اسٹور رومز، گودام، ویئر ہاؤسز بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے توانائی کی بچت کے لئے صوبہ بھر کی تاجر برادری کے عہدیداروں کے نمائندہ وفد کے ساتھ مشاورت کے بعد صوبہ بھر کی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ میڈیکل سٹورز پر 9 بجے بندش کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا اور ان کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

 

وزیر اعلی حمزہ شہباز سے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اور نمائندوں نے اج ملاقات کی، پنجاب بھر کی تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور انرجی سیونگ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا ہے اور میں آج بھی حکومتی اقدامات کی غیر مشروط حمایت پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مشاورت میں برکت ہوتی ہے اور مشاورت سے کئے گئے فیصلوں کے ہمیشہ مثبت نتائج نکلتے ہیں۔ معیشت کی بہتری کیلئے تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے۔ تاجر برادری کے جائز مسائل حل کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close