اسلام آباد(پی این آئی) ایک حالیہ سروے میں پاکستانیوں کی اپنے وطن کے ساتھ محبت کے حوالے سے ایسا انکشاف سامنے آیا ہے کہ سن کر پاکستانیو کے سر فخر سے بلند ہو جائیں۔ گیلپ پاکستان اور ورلڈ انڈیپنڈنٹ نیٹ ورک آف مارکیٹ ریسرچ کی طرف سے کیے گئے اس مشترکہ سروے میں 96فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے وطن کے دفاع کے لیے لڑیں گے۔ پاکستان کے بعد ترکی دوسرے نمبر پر رہا جس کے 85فیصد شہریوں نے اپنے ملک کے لیے لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملک کے ساتھ وابستگی کے حوالے سے بھی پاکستانی پہلے نمبر پر آئے۔
90فیصد پاکستانیوں نے اپنے وطن کو رہنے کے لیے بہترین ملک قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے ملک میں ہی رہنا پسند کریں گے۔ حیران کن طور پر 70فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ اگر انہیں بیرون ملک روزگار کے بہترین مواقع ملیں، تب بھی وہ پاکستان چھوڑ کر نہیں جانا چاہیں گے۔رپورٹ کے مطابق اس سروے میں 24ممالک کے لوگوں سے سوالات پوچھے گئے تھے جن میں دونوں مذکورہ کیٹیگریز میں پاکستانی سرفہرست آئے۔ صرف تین فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک کے دفاع کے لیے نہیں لڑیں گے جبکہ ایک فیصد پاکستانیوں نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔پاکستان اور ترکی کے بعد اس فہرست میں پیرو تیسرے، فلسطین چوتھے اور کولمبیا پانچویں نمبر پر آئے۔ ملک کے ساتھ وابستگی کے حوالے سے پاکستان کے بعد فن لینڈ دوسرے ، کینیڈا تیسرے اور جاپان چوتھے نمبر پر آیا، جن کے بالترتیب 87فیصد، 82فیصد اور 78فیصد شہریوں نے ملک کے ساتھ والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں