کراچی(پی این آئی)اپنے وی لاگز کے ذریعے مقامی تاجروں، دکانداروں اور کاروباری حضرات کی تشہیر کرکے شہرت حاصل کرنے والی یوٹیوبر، ٹک ٹاکر اور ولاگر حنا دانیال ملک انتقال کر گئیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر خبر پھیلی تھی کہ معروف وی لاگر حنا دانیال ملک روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئی ہیں تاہم اب ان کی بہن اور انکے شوہر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی موت روڈ ایکسڈنٹ سے نہیں بلکہ ’برین اٹیک‘ یعنی فالج سے ہوئی ہے۔وی لاگر حنا دانیال ملک کے انسٹاگرام اکاونٹ پر ان کی بہن اور شوہر نے وضاحتی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے ان کے انتقال کرجانے کی تصدیق کی ہے۔
حنا دانیال کی بہن حرا انیس نے انکے انسٹاگرام پر تقریبا 12 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں بتایا کہ حنا دانیال ملک 11 جون کو انتقال کر گئی تھیں اور وہ ان کی موت کے صدمے میں ہونے کی وجہ سے لوگوں کے جوابات نہیں دے پا رہے تھے۔حرا انیس نے بتایا کہ ان کو انکے بہنوئی کا فون آیا اور انہوں نے بتایا کہ حنا ملک کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے وہ ان کے گھر پہنچی، انہیں فالج کے حملے کی حالت میں دیکھا بعد ازاں انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی وارڈ میں ان کے بہت سارے ٹیسٹ اور سی ٹی اسکین کیا گیا۔حرا انیس کے مطابق ایمرجنسی میں کوئی ماہر اور سینیئر ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور انہیں بتایا گیا کہ حنا دانیال ملک کے دماغ میں ممکنہ طور پر کلاٹنگ ہوئی ہے اور اس کے علاج کے لیے انہیں 11 لاکھ روپے جمع کروانے پڑیں گے۔حرا انیس نے ہسپتال انتظامیہ کی بے حسی اور ان کے ساتھ برا رویہ اختیار کرنے پر کہا کہ انتظامیہ کو سمجھنا چاہیے کہ کسی کے پاس بھی ہر وقت اتنی بڑی نقد رقم موجود نہیں ہوتی اور ایسے حالات میں اتنی بڑی رقم جمع کروانا مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ میں ہی ان کی بہن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) اور بعد ازاں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا، آئی سی یو میں منتقل کیے جانے کے وقت تک ان کی بہن کا 70 فیصد دماغ ختم ہو چکا تھا اور وہ بلکل بے جان ہوگئی تھیں جس کے بعد حنا 11جون کی شام کو انتقال کر گئیں۔حنا دانیال ملک کے ہی انسٹاگرام پیج پر ان کے شوہر دانیال نے بھی اپنی مختصر ویڈیو میں اہلیہ کے انتقال کر جانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کا روڈ ایکسیڈنٹ نہیں ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جس رات حرا دانیال کو برین اٹیک ہوا، اسی رات وہ دونوں دیر گئے تک ویڈیو ایڈیٹنگ اور اپ لوڈنگ پر کام کر رہے تھے،
پھر اچانک ان کی اہلیہ کو اٹیک ہوا، جسے وہ ہسپتال لے گئے، جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ ان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حرا دانیال ملک کے سوشل میڈیا اکاونٹس ڈیلیٹ کردیے جائیں مگر وہ ایسا نہیں کر سکتے، کیوں کہ وہ ان کا مشن جاری رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حرا دانیال نے ابتدائی طور پر مقامی تاجروں اور دکانداروں کے لیے مفت ویڈیوز بنائیں، جس کے بعد انہوں نے یہی کام پیسوں کے عوض کرنا شروع کیا تھا اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے بھی مداحوں سے حنا دانیال ملک کی مغفرت کے لیے دعا کی اپیل کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں