راولپنڈی (نیوزڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اعلامیہ کی سازش میں مجھے گھسیٹ کر معاملے کو دوبارہ زندہ کر رہے ہیں ، ہر میٹنگ کے منٹس ہوتے ہیں اور اس کی پریس ریلیز سب کی منظوری سے جاری ہوتی ہے ، حالات کی سنگینی پر میں عنقریب سپریم کورٹ جا سکتا ہوں ۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری غیر ملکی ایجنڈے پر لنگڑی لولی قومی اسمبلی سے خوفناک کام لینے والے ہیں ، امپورٹد اور چور دروازے کی اسمبلی میں بجٹ پر تقریر کرنے والا کوئی نہیں ، پنجاب اسمبلی میں منحرف اراکین غیر آئینی بجٹ پاس کر رہے ہیں ، غیر آئینی فیصلوں اور معیشت کی تباہی پر ملک عنقریب بہت بڑے فیصلے کا منتظر ہے ۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈاکو راج نے 24 روپے پیٹرول اور 60 روپے ڈیزل کا اضافہ غریب کو دو ہفتوں میں تیسرا ٹیکہ لگایا ہے ، حکومت اپنے کیسز ختم اور مخالفین پر دہشت گردی کے جھوٹے کیسز بنا رہی ہے ، ساری قوم کی نظریں اب سپریم کورٹ کی طرف ہیں ، اگر فیصلہ سڑکوں پر ہونا ہے تو فیصلہ 45 دنوں میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
علاوہ ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے عمران خان کو الوداع کہنے کی خبریں مسترد کر دیں ، گزشتہ روز ایک صحافی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کو سیاسی طور پر الوداع کہہ دیا ، اس پر سابق وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی عمران خان کو الوداع کہنے کی خبروں پر اپنا واضح مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلط ہے ، میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔ خیال رہے کہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ میرا پاکستان تحریک انصاف سے تعلق نہیں، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، اس عمر میں جتنی طاقت رہ گئی ہے، اللّٰہ کے بعد عمران خان کیلئے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں