سابق صدر پرویز مشرف کی زندگی کی آخری خواہش بھی سامنے آگئی، قریبی رفقا کا بڑا انکشاف

دبئی (پی این آئی) سابق صدر و آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف زندگی کے آئندہ ایام پاکستان میں گزارنے کے خواہاں ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف زندگی کے آئندہ ایام پاکستان میں گزارنے کے لیے وطن فوری واپسی چاہتے ہیں۔

 

قریبی رفقاء پرویز مشرف کی اس خواہش کے بعد متحرک ہو گئے ہیں وہ پس پردہ رابطوں میں وفاق و مقتدر حلقوں سے اس بات کا اظہار کر رہے ہیں کہ وہ پرویز مشرف کی پاکستان واپسی کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور قانونی معاملات کو فوری دور کریں۔اگر اس معاملے میں کوئی پیش رفت ہوئی تو امکان ہے کہ سابق صدر کی وطن واپسی کے لیے کوشش شروع ہو سکتی ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پرویز مشرف کے قریبی ساتھی ڈاکٹر محمد امجد نے تصدیق کی کہ پرویز مشرف فوری طور پر وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔ان کے اہلخانہ سابق صدر کی واپسی کے لیے فوری اقدام کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے اہم ساتھی اور چاہنے والے سابق صدر کی وطن واپسی کے لیے اپنے طور پر اہم حکومتی اور طاقتور حلقوں سے رابطوں میں کوشش کر رہے ہیں کہ پرویز مشرف کو واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پرویز مشرف کو فوری وطن واپس لانے کے تمام اقدامات ہنگامی طور پر کریں تاکہ پرویز مشرف اپنی زندگی کے بقیہ ایام پاکستان میں گزرا سکیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پرویز مشرف کے اہلخانہ نے وطن واپسی کے لیے باضابطہ رجوع کیا تو قانونی اور دیگر امور کا جائزہ لے کر اس کا جواب دیا جائے گا۔

 

قبل ازیں سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے 10 جون کو سوشل میڈیا پر غلط خبریں وائرل ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی تھی۔سابق صدر کے ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری کردہ وضاحتی بیان میں واضح کیا گیا کہ انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل نہیں کیا گیا البتہ وہ علالت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ بیان میں تصدیق کی گئی کہ پرویز مشرف گزشتہ تین ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں لاحق بیماری ’امائلائیڈوسس(Amyloidosis) کی وجہ سے پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ پرویز مشرف انتہائی علیل ہیں اور وہ بیماری کی خطرناک اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں،ان کے اہل خانہ کی جانب سے پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی گئی۔پرویز مشرف گزشتہ چند سال سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں مقیم ہیں اور وہ وہاں کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں