وزیر اعظم شہباز شریف سے دو ماہ کا نہیں، گزشتہ تین دہائیوں کا حساب مانگ لیا گیا

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما وپنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب قوم آپ سے حالیہ دو ماہ کا نہیں بلکہ گزشتہ تین دہائیوں کا حساب مانگ رہی ہے، کرپشن اور لوٹ مار کرنے والی 13جماعتیں حکمران اتحاد میں شامل ہیں اور شہباز شریف گرینڈ ڈائیلاگ کا شوشہ چھوڑ کر صرف اپنی کرپشن اور لوٹ مار کوچھپانا چاہتے ہیں لیکن تحریک انصاف آپ کی اس چال میں نہیں آئے گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن او رلوٹ مار کی وجہ سے نام نہاد خادم پنجاب سے خادم پاکستان کے عہدے پر ترقی پانے والے شہباز شریف اپنی ناکامی تسلیم کرنے کی بجائے اسے سابقہ حکومت کے کندھوں پر ڈالنا چاہتے ہیں لیکن عوام اصل حقائق سے آگاہ ہیں۔ عوام سوال کرتے ہیں کہ ملک کو درست سمت میں لے جانے والی تحریک انصاف کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کر کے عوام پر امپورٹڈ حکومت کی شکل میں کیوں عذاب کو نازل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد کو آئندہ عام انتخابات کے نتائج کا پیشگی علم ہے اس لئے دھاندلی کی تیاریاں کی جارہی ہیں لیکن عوام اپنے ووٹ پر پہرہ دیں گے اور ان کی دھونس اور دھاندلی کی تمام تدبیریں ناکام بنا دی جائیں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں