ملک ریاض اور آصف زرداری کی لیک ہونیوالی آڈیو کال کو سچ قرار دیدیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ملک ریاض کی مبینہ آڈیو کال کو بالکل سچ قرار دے دیا ۔رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اس آڈیو لیک سے پہلے بھی بتاتے رہے ہیں کہ کیسے عمران خان ان سے این آر او مانگنے کی کوشش کرتے رہے۔

 

وزیرداخلہ نے مزیدکہا کہ چیئرمین نیب کیلئے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا لیکن جسٹس ر مقبول باقر ایک معتبر شخص ہیں جن کا نام زیرغور ہے، ہوسکتا ہے اگلے دو روز میں حتمی نام کا اعلان ہوجائے۔واضح رہے کہ ملک کے نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی۔مبینہ آڈیو میں فون ریسیو ہونے پر آصف زرداری کہتے ہیں کہ ’ہیلو‘، اس پر ملک ریاض کہتے ہیں کہ ‘السلام علیکم سر‘، سابق صدر جواب میں کہتے ہیں کہ ‘وعلیکم السلام، خیریت؟‘اس کے بعد ملک ریاض کہتے ہیں کہ ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔اس کےجواب میں سابق صدر کہتے ہیں کہ ’اب امپاسیبل ہے نہ‘۔ اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں