لاہور(پی این آئی)پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس چند منٹوں کی کارروائی کے بعد 6 جون تک ملتوی کر دیا گیا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پینل وسیم خان بادوزئی نے کی اور اراکین پنجاب اسمبلی کو ایوان میں داخلے کی اطلاع کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم اجلاس شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ہی 6 جون تک کے لیے متلوی کر دیا گیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس صرف 9 منٹ چل سکا، محرک کی عدم موجودگی پر اسپیکرکے خلاف تحریک عدم اعتماد نمٹا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پینل آف چئیرمین نے محرک سمیع اللہ خان کا نام بار بار پکارا، تحریک عدم اعتماد کے محرک سمیع اللہ اسمبلی میں موجود نہ تھے جس پر عدم اعتماد کی تحریک ختم کر دی گئی۔پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ اسمبلی ملازمین کو بھی ایوان کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔قبل ازیں ن لیگ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پہلے
مرحلے میں 15سے 20 ارکان پنجاب اسمبلی جائیں گے جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان میڈیا کو ساتھ لے کر اسمبلی جائیں گے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ اسمبلی کے اندر کچھ غیر متعلقہ افراد موجود ہیں۔پنجاب پولیس نے مال روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ایوان وزیراعلیٰ اور ایوان اقبال سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے جبکہ مال روڈ کی طرف سے اسمبلی کی جانب جانے والے راستے بھی بند رکھے گئے جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں