دبئی میں کتنی مالیت کی پاکستانیوں کی جائیدادیں نکل آئیں؟ تہلکہ خیز تفصیلات آگئیں

اسلام آباد(پی این آئی) ایک طرف پاکستانی معیشت شدید بحران کا شکار ہے اور غیرملکی سرمایہ کار آنے کو تیار نہیں اور دوسری طرف پاکستانی امراءکی طرف سے خطیر رقم پاکستان سے باہر منتقل کرنے اور دبئی میں کھربوں روپے کی جائیدادیں خریدنے کا ایسا چشم کشا انکشاف منظرعام پر آ گیا ہے کہ سن کر پاکستانیوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔

نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق سامنے آنے والے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی امراءکی دبئی کی آف شور رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں 38ہزار سے زائد جائیدادیں ہیں جن کی مالیت 10.6ارب ڈالر (20کھرب 96ارب 68کروڑ روپے)ہے۔ڈیٹا کے مطابق دبئی میں جائیدادوں کی ملکیت کے لحاظ سے پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ پہلے نمبر پر بھارتی امراءآتے ہیں جن کی دبئی میں 29.8ارب ڈالر کی جائیدادیں ہیں۔ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے جس کے شہریوں نے دبئی میں 14.7ارب ڈالر کی جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ چوتھے نمبر پر سعودی عرب، پانچویں پر ایران، چھٹے پر اردن، ساتویں پر کینیڈا، آٹھویں پر کویت، نویں پر مصر اور دسویں پر لبنان آتا ہے۔ ان ممالک کے شہریوں کی دبئی میں بالترتیب 9.8ارب ڈالر، 7ارب ڈالر، 5.2ارب ڈالر، 5.2ارب ڈالر، 3.8ارب ڈالر، 3.4ارب ڈالر اور 3.4ارب ڈالر کی جائیدادیں ہیں۔ واضح رہے کہ یہ اعدادوشمار یورپی یونین ٹیکس آبزرویٹری سے وابستہ ماہرین اینیٹ ایلسٹاڈیسٹر،گیبرئیل زوک مین اور اینڈریاس اوکلینڈ و دیگر نے تحقیقاتی پیپر کی صورت میں شائع کیے ہیں۔ ان اعدادوشمار میں دبئی کی 8لاکھ کے لگ بھگ جائیدادوں کی ملکیت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close