لاہور (پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شریفوں کی وفاق کی گیم ختم ہے ، ان کی حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی ۔ سینئر صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وفاق میں چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ کا ہمیں پتہ ہے کیا کرنا ہے ، اعتماد کے ووٹ سے پہلے ہم سالک حسین اور طاروق بشیر چیمہ کو واپس لے آئیں گے
100فیصد دونوں واپس آئیں گے اور ان کا دھڑن تختہ کرکے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ٹھیک ہیں اور وہ میرے ساتھ ہیں ، میں نے سالک اور طارق بشیر چیمہ کو ووٹ دینے کی اجازت بالکل نہیں دی ، طارق بشیر چیمہ کو عمران خان پر کوئی غصہ تھا مگر خلاف ووٹ نہیں دیئے ، طارق بشیر چیمہ نے زرداری صاحب کو کہا کہ یا میرا ووٹ لے لیں یا سالک حسین کا ۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اللہ تعالی نے انکو بے نقاب کرنا تھا اور شریفوں کی اصلیت دوبارہ سامنے آگئی ،وفاق میں ان کی حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی اور شریفوں کی جو خواہش ہے وہ خواہش ہی رہے گی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ صدرِ پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں کیوں کہ صرف ق لیگ کے 2 ووٹ کا فرق ہے ، اگر انہیں ڈائریکشن دے دی جائے کہ اعتماد کے ووٹ میں دوسری طرف ووٹ دینا ہے تو حکومت ہٹ سکتی ہے۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں ختم ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے ، منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا ، سپریم کورٹ کی رائے فیصلے کی ہوتی ہے ، صدرمملکت سے اپیل ہے وفاقی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرائے جائیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں