آئندہ24گھنٹوں میں ایک اور تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر دیا گیا

کوئٹہ (پی این آئی) سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد اب بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد آنے کو تیار ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان کی اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک تیار کرلی ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔

 

نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے رکن یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال ہے جس کے اثرات اب سندھ تک پہنچ چکے ہیں ، ہمارے نمبر پورے ہیں ، وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔خیال رہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ بلوچستان گزشتہ برس اکتوبر میں سابق وزیر اعلیٰ جام کمال کے مستعفی ہونے کے بعد بلامقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے ، اس سے قبل وہ سپیکر بلوچستان اسمبلی کے منصب پر فائز تھے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close