عمران خان کی دعا پوری ہو گئی تو اب رونا کس بات کا ہے؟ مریم نوازکا سوال

فتح جنگ (آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی حکومت اور کرسی جانے سے زیادہ تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر ہے،مبارک ہو اللہ نے پاکستان کو عمران خان جیسی نحوست سے آزادی دلائی، عوام کو دن رات کام کرنے والا خادم پاکستان شہباز شریف مبارک ہو، عمران خان نے 4 سال نہ خود کام کیا اور نہ دوسروں کو کام کرنے دیا ،ان خان روز ٹی وی پر آکر نئی کہانیاں سناتا ہے، کبھی سازش اور کبھی جھوٹے خط کا رونا روتا ہے،وہ خط جس کا وجود ہی نہیں تھا، کبھی کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوگئی۔

وہ جمعہ کو فتح جنگ میں جلسے سے خطاب کر رہی تھیں ،پاکستان مسلم لیگ(ن))کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مبارک ہو اللہ نے پاکستان کو عمران خان جیسی نحوست سے آزادی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نحوست جو عوام کی روٹی، آٹا، چینی اور بجلی، سکون اور ترقی کھا گئی لیکن دن رات کام کرنے والا خادم پاکستان شہباز شریف مبارک ہو۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کو اتنا دکھ اپنی کرسی جانے کا نہیں، عمران خان کو اتنی تکلیف اپنی حکومت جانے کی نہیں جتنی تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اب اس تکلیف کی عادت ڈالو جتنی تمہاری زندگی ہے، اس میں اس دکھ کی عادت ڈالو کیونکہ آنے والا دور نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن)کا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو شہباز شریف سے اتنی تکلیف کیوں ہے، کبھی اس کو چیری بلاسم اور کبھی بوٹ صاف کرنے والا کہتا ہے، تو جس انسان نے پوری زندگی بوٹ صاف کیے ہوں اس کو بوٹ صاف کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تکلیف اس لیے کہ اتنے بڑے غبن اور گھپلے کر کے حکومت سے گیا ہے اور جانتا ہے کہ شہباز شریف ہر آنے والے دن پاکستان کے عوام کے سامنے اس کی نالائقی کی داستانیں پاکستان کے عوام کے سامنے لے کر آئے گا۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ لوگ روز موازنہ کریں گے کہ ایک دوپہر کو 12 بجے اٹھنے والا عمران خان اور ایک بجے دفتر آنے اور 4 بجے بنی گالا واپس جانے والا عمران خان اور دوسرا خادم پاکستان شہباز شریف جو صبح فجر کی نماز پڑھ کر عوام کی خدمت میں حاضر ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال نہ خود کام کیا اور نہ دوسروں کو کام کرنے دیا اور انتقام میں لگا رہا اور اپنی حکومت کو بھی انتقام پر لگا دیا جبکہ شہباز شریف کو آئے ہوئے ایک مہینہ ہوگیا ہے آٹا سستا ہوا، چینی سستی ہوگئی، بجلی کے بند کارخانے چلا د یئے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب عثمان بزدار جیسی سوغات وزیراعلی پنجاب بنی تھی تو اس نے کہامیرے گاں میں بجلی نہیں ہے تو 4 سال بعد عثمان بزدار رخصت ہوا تو پورے پنجاب میں بجلی نہیں تھی۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ نواز شریف نے بجلی کے زیادہ کارخانے لگادیے جس کی قوم کو ضرورت نہیں تھی تو بجلی کہاں گئی لیکن عمران خان انتقام میں لگا رہا اور ایندھن نہیں خریدا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان روز ٹی وی پر آکر نئی کہانیاں سناتا ہے، کبھی سازش اور کبھی جھوٹے خط کا رونا روتا ہے، کبھی کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوگئی، وہ خط جس کا وجود ہی نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، چند دن پہلے کہتا ہے جھوٹا خط مارچ میں آیا تھا اور کل اپنے جھوٹ کا پول خود کھول دیا کہ مجھے پہلے سے پتہ تھا کہ پچھلے سال جولائی میں میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں یہ کہتا رہا کہ میں تو دعا مانگتا ہوں یہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں تو جب وہ تحریک کامیاب ہوگئی ہے عمران خان سے پوچھیں اب رونا کس بات کا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں