اسلام آباد (پی این آئی) جنگ جیو گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے چند روز میں جھوٹ بولنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔ جنگ کی رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ شرح سود میں اضافہ موجودہ حکومت نے کیا اور جیو نیوز اس کا الزام پچھلی حکومت پر لگا رہا ہے۔ جنگ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جیو نیوز نے تو صرف ایف پی سی سی آئی کے صدر کا بیان چلایا تھا کہ شرح سود میں اضافہ پچھلی حکومت نے کیا،
اسٹیٹ بینک نے خود شرحِ سود بڑھانے کا اعلان 7 اپریل کو کیا جب ملک پر عمران خان ہی کی حکومت تھی۔ جنگ گروپ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ فواد چوہدری اس سے پہلے ٹیپو سلطان کو شیرِ بنگال قرار دے چکے، جب کہ ٹیپو سلطان کا بنگال سے کوئی تعلق نہیں تھا، شیرِ بنگال تو قرارداد پاکستان پیش کرنے والے مولوی اے کے فضل الحق کا لقب تھا۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما سی این این کی خبر شیئر کرکے یہ بھی الزام لگا چکے ہیں کہ موجودہ حکومت امریکا کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے والی ہے۔
انہوں نے خبر پر تاریخ تک نہیں پڑھی کہ یہ خبر 23 اکتوبر 2021 کی ہے، جب عمران خان کی حکومت تھی، امریکا سے ایسا کوئی معاہدہ ہونے والا تھا تو عمران خان کے اپنے دور میں ہونے والا تھا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں