مئی میں سیاست کے میدان میں کونسا بڑا ہنگامہ ہونیوالا ہے؟ شیخ رشید کا تہلکہ خیز دعویٰ

راولپنڈی (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مئی سیاست میں ہنگامہ خیزمہینہ ہوگا ، پیٹرول پر سبسڈی ختم کرنے سے حکومت اپنی سیاسی قبر کھودے گی ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کا دباؤ ہے ، عمران خان روس سے 30 فیصد سستی گیس، پیٹرول اورگندم لینے جارہا تھا ، سامراجی سازش کےتحت عوام کوسستی گیس، پیٹرول اورگندم سے محروم کردیا گیا ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیٹرول پرسبسڈی ختم کرنے سے حکومت مخالف تحریک کو زبردست ایندھن فراہم ہوگا ، تحریک حکومت کوجلد ختم کردے گی ، استعفے لیے بھی جاسکتے ہیں اور دیئے بھی جاسکتے ہیں ، ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے، جتنی جلدی ہوجائے اتنا ہی ملک کےلیے بہترہوگا ۔گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ فوج عوام کی رائے کی قدر کرتی ہے اور جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی کیوں کہ حکومت سنبھالی نہیں جارہی ، یہ این آر او ٹو لینےآئے تھے ، اس امپورٹڈ حکومت کی فرار کی تیاریاں شروع ہوگئیں جس کے لیے ای سی ایل سے ڈیڑھ سو ملزموں کے نام نکال دیے گئے اور سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال دوبارہ سے شروع ہو چکا ہے، اس امپورٹڈ حکومت کی کوئی آئینی قانونی حیثیت نہیں ہے کیوں کہ یہ حکومت بیرونی سازش کے تحت چور دروازے سے بنی ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ فوج عوام کی رائے کی قدر کرتی ہے اور جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی جب کہ سپریم کورٹ سے بھی جلد اچھی خبریں متوقع ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم یاد رکھے عمران خان کی اسلام آباد کے لیے کال دنیا کو حیران کر دے گی ، ایسا زناٹے کا رن پڑے گا کہ پاکستان کی سب سے کم عمر یہ موجودہ حکومت ہوگی کیوں کہ ملک کے حالات گمبھیر ، پریشان کن اور تشویش ناک ہوتے جا رہے ہیں ، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے تھا انہیں اہم عہدوں پر تعینات کیا جا رہا ہے ، سامراج کے ایجنٹوں نے اپنے مفاد کے لیے گندی نالی کی اینٹوں کو تاج محل میں سجا دیا ، ملک کے لیے جن کی عزت کرنا لازم ہے وہ بھی سوالیہ نشان بنتے جا رہے ہیں۔

close