اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر آمد پر سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلی افسران نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا،اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کو وزارت کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، میڈیا ہائوسز، تنظیموں اور صحافی برادری کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے
۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پیکا آرڈیننس 2016ء پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کو فعال بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ملکی ترقی اور حکومت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے وزارت اطلاعات کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ڈرامہ، فلم انڈسٹری کے
فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، انہوںنے کہاکہ پی ٹی وی، اے پی پی سمیت وزارت کے تمام اہم اداروں پر اس وقت ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال میں عوام کو درست معلومات کی فراہمی کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزارت اطلاعات کے عوام کو مستند معلومات اور خبروں کی فراہمی میں اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، امید ہے وزارت اطلاعات کے تمام ادارے عوامی مفاد کے پیش نظر اپنے پیشہ ورانہ امور کو بہتر انداز میں انجام دیں گے۔
مریم اور نگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور میڈیا اداروں کے درمیان روابط کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے،۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات، ایم ڈی پی ٹی وی، ایم ڈی اے پی پی سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں