جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس، فروغ نسیم اور فواد چوہدری میں لفظی جنگ چھڑ گئی

اسلام آباد(آئی این پی ) جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس بھیجے جانے کے معاملے پر فروغ نسیم اور فوادچوہدری میں لفظی جنگ چھڑ گئی ،سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما چوہدری فوادحسین نے سابق وزیر قانون فروغ نسیم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خا ن کے اصرار پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس بھیجنے کی تردیدکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ریفرنس اس وقت کے وزیرقانون فروغ نسیم کے اصرارپر بھیجا گیا اور انہوں نے یہ تمام معاملہ کھڑاکیا۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما چوہدری فوادحسین نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس اس وقت کے وزیرقانون فروغ نسیم کے اصرارپر بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم پی ٹی آئی حکومت کے وزیر قانون کے طور پر آپ کو ذمے داری لینی چاہیے، حقیقت تو یہ ہے کہ یہ تمام معاملہ آپ نے ہی کھڑا کیا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے کابینہ میں کہا ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنا حکومت کا کام نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا الزامات کے ثبوت ہیں تو بار ایسوسی ایشن ریفرنس کرلے، فروغ نسیم، آپ کے اصرار پر ریفرنس بھیجا گیا جبکہ ادھرسابق وزیر قانون فروغ نسیم نے جسٹس فائز عیسیٰ کیس سے متعلق اپنے بیان کے ردعمل میں فواد چوہدری کے بیان کا پھر جواب دے دیا۔

اپنے بیان میں فروغ نسیم نے کہا کہ فواد چوہدری کی باتیں بکواس ہیں، فواد چوہدری کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم کو خود کوئی ذمہ داری نہیں لینی چاہیے؟۔ فروغ نسیم نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ سے متعلق ریفرنس کابینہ کے ذریعے نہیں گیا۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کابینہ اجلاس کے وہ منٹس دکھائیں جس میں انہوں نے ریفرنس کی مخالفت کی، کابینہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس موجود ہوتے ہیں۔۔۔۔۔

close