گھبرانا بالکل نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان جلد ہی کیا اعلان کرنیوالے ہیں؟ سینیٹر فیصل جاوید خان نے پیغام جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ انہوں نے گھبرانا نہیں ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا “یااللہ اپنا کرم فرما، انشاء اللہ جیت اس عوام کی ہوگی، یہ قوم ایک عظیم قوم بننے جارہی ہے، عمران خان اپنی قوم کے لیے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، جلد کپتان اپنی اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے، گھبرانا بالکل نہیں ہے۔

 

ایک اور ٹویٹ میں فیصل جاوید نے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کیلئے اشعار کا سہارا لیا
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کردی ہے ۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے پانچ صفر سے متفقہ فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ غیر آئینی قرار دے دی۔ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صدر کو ایڈوائس نہیں کرسکتے تھے، اب تک کے اقدامات غیر آئینی اور غیر قانونی تھے۔ عدالت نے صدر کے عبوری حکومت کے حکم کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کرتے ہوئے 9 اپریل کو ہفتے کی صبح 10 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سپیکر اجلاس بلا کر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائیں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں نئے وزیر اعظم کا انتخاب ہوگا۔عدالت نے یہ بھی قرار دیا ہے کہ کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں