میرا مشن اپوزیشن کو بُری طرح ہرانا ہے، وزیراعظم عمران خان نے حکمت عملی تیار کر لی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے منحرف ارکان کو واپس پارٹی میں لانے کا ٹاسک چوہدری پرویز الہٰی کو سونپ دیا، انہوں نے ق لیگ کے رہنما کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ بھی دکھایا اور کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ہوتے ہی استعفیٰ گورنر کو بھجوادیا جائے گا، ان کا مشن اپوزیشن کو بری طرح ہرانا ہے۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی اور وفاقی وزیر مونس الہٰی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے انہیں سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ دکھایا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ہوتے ہی استعفیٰ گورنر پنجاب کو بھجوا دیا جائے گا اور اسی روز منظور بھی ہوجائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا مشن اپوزیشن کو بری طرح ہرانا ہے، انہوں نے چوہدری پرویز الہٰی کو منحرف ارکان کو واپس لانے کا ٹاسک سونپ دیا اور کہا کہ واپسی پر ان کی عزت پر کوئی حرف نہیں آئے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی منحرف ارکان کے مسائل اور فنڈز کے ضامن ہوں گے۔اس ملاقات میں پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد موخر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پہلے وفاق میں تحریک عدم اعتماد سے نمٹ لیا جائے اس کے بعد پنجاب کی تحریک عدم اعتماد کا دیکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close