عمران خان کے پائوں جلنے لگے تو بزدار پر رکھ دیے،مریم نواز

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب بندریہ کے پائوں جلتے ہیں تو اپنے بچوں کے اوپر پائوں رکھ دیتی ہے ، عمران خان کے پائوں جلنے لگے تو عثمان بزدار پر پائوں رکھ دیا ، عوام کا اعتماد کھونے والے کو پار لیمنٹ میں دیکھنے کا حق حاصل ہے ؟ 172ارکان پورے کرلو پی ڈی ایم قیادت کی منت کرلونگی اسے بخش دیں ،جہانگیر ترین اور علیم خان کا مال کھایا اور استعمال کر کے جیل میں ڈال دیا ،

زندگی میں کسی کے تو بن جائو ؟اس شخص کے شر کوئی نہیں بچا،جو محسنوں نہیں ہوسکا وہ قوم کا کیسے ہوسکتا ہے ؟،قوم سرپرائز کا انتظار کر تی رہی ،یہ دو گھنٹے قوم کے دماغ کا دہی نکال کر چلتا بنا ،عمران خان تم نے کونسے پاکستان میں ایٹمی دھماکے کر دیئے تھے کہ تمہارے خلاف عالمی سازش ہوگی ؟،کو دھمکی آمیز خط جادو ٹونے کے ذریعے بنی گالا میں کتوبروں کے ذریعے آیا،کوئی پاکستان کیلئے اتنا خطرناک نہیں ہے

جتنا عمران خان تم ہو،ملک کو جادو ٹونے سے چلایا جاتا ہے یا فرح کو رشوت دیکر چلایا جاتا ،جب عمران خان کی چوری کی داستانیں سامنے آئیں گی تو یہ منہ دکھانے کے لائق نہیں رہے گا ،اتنا بڑا جھوٹا ،ڈرامہ باز ، نوسر باز ، بد تمیز ، بد تہذیب اور اتنا بڑا فتنہ پاکستان نے کبھی نہیں دیکھا ، قرآن نے لوگوں کے نام مت بگاڑنے کا منع کیا ہے ، یہ لوگوں کو بد تمیزی کی ترغیب دیتا ہے ، کیا ایسے شخص کو اسلام کا نام لینے کا حق ہے ؟۔ پیر کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے

مریم نواز نے کہاکہ عمران خان سرکاری مشینری استعمال کر کے دس ہزار کا مجمع نہیں لگا سکا ۔ انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں تمہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم تمہیں الوداع کہنے آئے ہیں ۔ اس موقع پر مریم نواز نے الوداع الوداع کے نعرے لگائے ۔ انہوںنے کہاکہ تمہارے لوگوں نے تمہیں الوداع نہیں کہا ہم مولانا کی قیادت میں تمہیں الوداع کہنے آئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ شخص نہ صرف اس قوم کا اعتماد کھوچکا ہے اس کی مثال یہ ہے کہ

جو شخص سولہ میں سے پندرہ ضمنی الیکشن حکومت کے باوجود ہار جائے کیا وہ شخص اعتماد کھوچکا یا نہیں کھوچکا ؟ وہ اب پارلیمنٹ کااعتماد بھی کھوچکا ، وہ شخص اپنی پارٹی کا اعتماد بھی کھوچکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نہ صرف عوام ، پارلیمنٹ بلکہ اپنی جماعت کااعتماد کھوچکا ہے ، کیا اس شخص کو پارلیمنٹ میں دیکھنے کا حق ہے ؟ کیا اس شخص کو پارلیمنٹ ہائوس میں بیٹھنے کا حق ہے ، کیا اس شخص کو 22کروڑ لوگوں پر حکمرانی کا حق ہے ،

کیا ملک کی تقدیر کے فیصلے کر نے کا حق ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمہارے دس لاکھ کامجمع دیکھا ہے ،172بندے پورے کر لو میں پی ڈی ایم اور قیادت کی منت کر لونگی کہ اسے بخش دیں اور جانے دیں ۔انہوںنے کہاکہ اپنے لوگ بھاگ گئے ہیں ان کے 172ارکان پورے نہیں ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اردوکا محاورہ ہے ’’جب بندریہ کے پائوں جلتے ہیں تو وہ اپنے بچوں کے اوپر پائوں رکھ دیتی ہے ’’، آج عمران خان کے پائوں جلنے لگے تو بزدار کے اوپر پائوں رکھ دیا ،

عمران خان کے اقتدار کی کشتی ڈوبنے لگی تو لیڈر بنتے خود چھلانگ لگا دیتے اور لوگوں کو بچا لیتے ہیں ، عمران خان جس کو وسیم اکرم پلس کہتا تھا اسے سب سے پہلے پانی میں دھکا دیدیا ۔انہوںنے کہاکہ جو وسیم اکرم پلس تھا ، جانثار وفا دار ساتھی تھا اقتدا ر کی کشتی ڈولتے دیکھ کر سب سے پہلے اسے دھکا دیا ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کو کہنا چاہتی ہوں پوری زندگی میں کسی کے بھی تو بن جائو؟، عمران خان سے زیادہ فراموش دیکھا ؟ جہانگیر ترین کا مال کھایا ، جہانگیر کا جہاز استعمال کیا اور یہ شخص اس کا نہیں بنا ، علیم خان کا پیسہ کھایا اور اسے استعمال کیا اور وقت آیا تو یہ شخص اس کا بھی نہیں بنا اور انہیں بھی جیلوں میں ڈالا ،

اس شخص کے شر کوئی نہیں بچا، جو شخص اپنے محسنوں کا نہیں کیا وہ شخص اس قوم کا ہوسکتا ہے ؟ ۔ انہوںنے کہاکہ اس کی تقریر کوئی نہیں سنتا ، کتنے دن سے روز جلسوں میں آکر قوم کوچکمہ دے رہا تھا ؟ تمہیں سرپرائز دونگا ، کھودا پہاڑ نکلا چوہا ، قوم سرپرائز کا انتظار کر تی رہی اور یہ دو گھنٹے قوم کے دماغ کا دہی نکال کر چلتا بنا ۔انہوںنے کہاکہ پتہ ہے وہ کون سا خط ہے جس کا وزیر داخلہ کو نہیں پتا ، وہ بھی مکر گئے ،کہتا ہے عالمی طاقتیں میرے خلاف سازش کررہی ہیں بتائو اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات کبھی سنی ؟، اس قسم کا ذہنی مریض پاکستان پر مسلط کر دیا ہے ، کیا ایسی بات کوئی نارمل آدمی کر سکتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ خفیہ خط میں لکھا کہ ڈیئر مسٹر عمران خان ، ہم سب خیریت سے ہیں ، امید ہیں آپ بھی خیریت سے ہونگے عرض یہ ہے کہ ہم آپ کے خلاف ایک عالمی سازش تیار کررہے ہیں اور اس عالمی سازش کا ثبوت ہم خود آپ کو فراہم کررہے ہیں ، آپ کو اطلاع کررہے ہیں ہم آپ کے خلاف سازش کر نے لگے ہیں تاکہ سند رہے اور ثبوت جہاں چاہئیں استعمال کریں اور کاغذ لہرا کر دکھائیں ، خط نہ وزارت خارجہ کے ذریعے نہ ہی وزارت کے داخلہ کے ذریعے بھیج رہے ہیں بلکہ وہ خط جادو ٹونے کے ذریعے بنی گالا میں کتوبروں کے ذریعے بھجوا رہے ہیں ،منجاب عالمی طاقتیں ۔مریم نواز نے کہا کہ کہتا ہے میرے خلاف عالمی سازش ہوگئی ، تم نے کونسے پاکستان میں ایٹمی دھماکے کر دیئے تھے کہ تمہارے خلاف عالمی سازش ہوگی ؟۔ مریم نواز نے کہاکہ تم نے کونسا امریکہ کی پانچ ارب ڈالر کی

امداد ٹھکراکر ابسلوٹلی ناٹ کہہ دیا تھا ، جس ملک میں جاتے ہو کشکول اٹھا کر جاتے ہیں اور کہتے ہو اللہ کا واسطہ امداد کر یں یہ ہے تمہاری فارن پالیسی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر پاکستان کے خلاف عالمی سازش ہوئی ہے تو سازش سب سے بڑا آلہ کار عمران خان ہے ۔انہوںنے کہاکہ کوئی پاکستان کیلئے اتنا خطرناک نہیں ہے جتنا عمران خان تم ہو ۔انہوںنے کہاکہ اللہ نہ کرے اگر عالمی طاقتیں یا دشمن پاکستان کی تباہی چاہتی ہیں تم دن رات پاکستان کی تباہی کیخلاف کررہے ہوں ، کیا پاکستان کے دوسرے ملکوں سے تعلقات خراب کر نے میں کیا وہ عالمی سازش تھی ،چینی ، دودھ ، انڈے ، چائے ، تیل ، آتا ، ڈیزل کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دینا

عالمی سازش تھی ، تمہارے ناک کے نیچے سے تمہاری پوری پارٹی کھس گئی کیا وہ جوبائیڈن نے کیا تھا ؟، تم نے اپنی ہر ناکامی کا الزام دوسروں کو دیتے آئے ہو، تم میں اتنی ہمت اور جرات نہیں کہ اپنی غلطی تسلیم کرو۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی پچھلی حکومتوں نے کی تھی ؟ ملک کوترقی پر ڈالنے کیلئے چار سال بہت ہوتے ہیں ، ملک کو تنزلی پر ڈالنے کیلئے ایک عمران خان ہی کافی ہے ۔مریم نواز نے کہاکہ تمہیں عالمی طاقتوں نے کہا تھا 22کروڑ کے ملک کو جادو ٹونے سے چلائو ،

اس ملک کو جادو ٹونے سے چلایا جاتا ہے یا فرح کو رشوت دیکر چلایا جاتا ، اس ملک میں تقرریاں و تبادلے جادو ٹونے یا حساب کتاب سے کئے جاتے ہیں یا فرح کو رشوت دیکر کئے جاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دوسروں کو چور کہتا ہے ، اس کی چوری کی ہوشربا داستانیں آنے والی ہیں ،ایل این جی سکینڈل ، چینی سکینڈل ، آٹا سکینڈل ، پٹرول سکینڈل ، ادویات کا سکینڈل میں عمران خان نے اے ٹی ایم مشینوں کو نواز ا اور خود کمیشن کھایا ،سب سے بڑا سکینڈل فرح کا سکینڈل ہے ، اس کی داستانیں آپ سنیں گے ، جب کوئی ادارہ اس کا نوٹس لیتا تو سیدھا فون پرائم منسٹر ہائوس سے آتا تھا یہ سب باتیں عوام کے سامنے آنے والی ہیں ۔ ا

نہوںنے کہاکہ یہ جلسے میں سٹینڈ لیتے لیتے رہ گیا ،کہتا تھا آخری گیند تک مقابلہ کر نے والے کو یاد آیا نہ نوازشریف ہوں ،نہ ایک دن کی جیل کاٹ سکتا ہوں اور میرے خلاف فارن فنڈنگ سب سے بڑا کیس ہے جو طاقت کے ذریعے دبا کر بیٹھا تھا ،اس سکینڈل کی فائلیں کھل گئیں تو دوسروں کو چور چور کہتا ہے یہ کسی کو منہ دکھانے کے لائق نہیں رہے گا ۔مریم نواز نے کہاکہ کہتا ہے مریم بی بی نے کبھی ایک گھنٹہ کام نہیں کیا ؟

پوری دنیا جانتی ہے یہ بارہ بجے سے پہلے اپنا دفتر شروع نہیں کرتا اور چار بجے سے دفتر سمیٹ کر بنی گالا جاتا ہے اور اگلے دن بارہ بجے تک اس کا کوئی اتا پتہ نہیں ہوتا ۔ انہوںنے کہاکہ مریم نے دو بار بے گناہی جیل کاٹی ہے ،میرا چیلنج ہے تم ایک دن جیل نہیں کاٹ سکتے ۔انہوںنے کہاکہ اس کو شرم نہیں آتی جب مذہب کا کارڈ سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرتا ہے ، جو شخص کلمہ نہ پڑھ سکے ، جو اپنے حلف کے اندر خاتم النبین ؐنہ پڑھ سکے

، جو ﷺ نہ کہہ سکے ، جو اپنے جلسے میں مغرب میں فجر کی اذان پڑھے کیا اسے مذہب کا نام لینے کا حق ہے ، اتنا بڑا جھوٹا ،ڈرامہ باز ، نوسر باز ، بڑا بد تمیز ، بد تہذیب اور اتنا بڑا فتنہ بھی پاکستان نے کبھی نہیں دیکھا ، یہ وہی شخص ہے جس نے ختم نبوت کا کارڈ استعمال کر کے مسلم لیگ (ن)کے لوگوں پر گولیاں چلوائیں تھیں ۔ انہوںنے کہاکہ قرآن نے منع کیا ہے لوگوں کے نام مت بگاڑو ، یہ لوگوں کو بد تمیزی کی ترغیب دیتا ہے ، کیا ایسے شخص کو اسلام کا نام لینے کا حق ہے ؟

۔انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیا ہے اس عمران خان کو آخری دھکا دیں ، یہ جتنے بھی ہاتھ پائوں مار لے ، اب اس کو بچانے کیلئے کوئی نہیں آئیگا ۔انہوںنے کہاکہ فیصلہ ہوگیا ہے ، اعلان باقی ہے ، آخر میں مریم نواز نے الوداع ، الوداع کے نعرے لگوائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں