تحریک عدم اعتماد، پیپلزپارٹی نے بھی وزیراعظم عمران خان کیخلاف ووٹ نہ ڈالنے والے اراکین اسمبلی کو دھمکی دیدی

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ نہ ڈالنے والے اپنے اراکین کو سخت کارروائی سے خبردار کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو ایک خط لکھا ہے ، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں ووٹ نہ ڈالنے والوں کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی ہو گی۔

 

اس لیے تحریک عدم اعتماد کے وقت اراکین حاضری یقینی بنائیں ۔علاوہ ازیں اپوزیشن نے عدم اعتماد ووٹنگ پرامن اور بلا روک ٹوک کرنے کے لیےعدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ، اس حوالے سے متحدہ اپوزیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے ، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ممبران قومی اسمبلی کو آئینی ذمہ داری نبھانے سے نہ روکا جائے ، متحدہ اپوزیشن اس حوالے سے پٹیشن فائل کرے گی ۔دوسری طرف ایک رپورٹ کہتی ہے کہ 28مارچ کے دن عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہونی ہے ، ڈراپ سین کے بعد کیا ہو گا یہ کہنا ابھی مشکل ہے ، وزیر اطلاعات کے مطابق اپوزیشن کے ارکان جن میں مبینہ طور پر حکومت جماعت کے منحرف ارکان اور شاید حکومتی اتحادی بھی شامل ہوں گے۔

جب عدم اعتماد کی تحریک میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے تو انہیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کے بیچ سے گزرنا ہو گا اور ایسی ہی صورتحال کا سامنا انہیں واپسی میں بھی کرنا پڑے گا، گو کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاور شو ووٹنگ سے ایک دن قبل 27 مارچ کو ہو گا لیکن اپوزیشن کے خدشات اور تحفظات اس حوالے سے موجود ہیں جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی جانب سے اس صورتحال سے ’ عہدہ برآ‘ ہونے پر مشاورت کی اطلاع ہے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے 28 مارچ کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور کارکنوں کو بھی تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

احتجاج اور سیاسی مزاحمت کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کی جماعت خاص حوالہ رکھتی ہے، وہ کے پی کے اور راولپنڈی اسلام آباد سے بڑی تعداد میں اپنے اطاعت گزاروں کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم دے سکتے ہیں جو لوگ ہجوم کی تفسیات جانتے ہیں وہ مسلسل خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ اس موقع پر کوئی نعرہ بھی بارود میں چنگاری کا کام کر سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں